پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم وتحقیق کے زیر اہتمام ای روزگارپروگرام پرآگاہی سمینارکا انعقاد

ای روزگار پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کے ویڑن کا ترجمان ہے جو صوبے سے غربت اور بے روزگاری ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، اس وقت صوبے کے 36اضلاع میں ای روزگار مراکز قائم ہوچکے ہیں ، سینئر پروگرام منیجر سیدہ مہک جمال

جمعرات 15 فروری 2018 22:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے فیصل آڈیٹوریم میں حکومتِ پنجاب کے ای روزگار پروگرام کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا تقریب میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی سینئر پروگرام مینیجر مہک جمال ،آئی ای آر کے چئیرمین شعبہ سیکنڈری ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر رضوان اکرم رانا، سٹوڈنٹ ایڈوائزر ڈاکٹر طارق حسین، پی آئی ٹی بی کے سائٹ مینیجر محمد امجد، سینئر ٹرینیر علی عباس، مختلف شعبہ جات کے فیکلٹی ممبران اور طلبائ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ای روزگار پروگرام کی سینئر پروگرام منیجر سیدہ مہک جمال نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ای روزگار پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کے ویڑن کا ترجمان ہے جو صوبے سے غربت اور بے روزگاری ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت صوبے کے 36اضلاع میں ای روزگار مراکز قائم ہوچکے ہیں جن میں سے بیشتر میں طالب علموں کو فری لانسنگ کی فنی تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ ایک باوقار روزگار اختیار کرسکیں۔

سیدہ مہک جمال کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی میں قائم ای روزگار مرکز کے طلبائ و طالبات نے ساڑھے تین ماہ کے دوران نہ صرف گرافک ڈیزائننگ، ویب میکنگ ، ایس ای او اور دیگر جدید ہنر سیکھے بلکہ فری لانسنگ کے ذریعے مجموعی طورپر 14ہزار ڈالرزسے زائد کے آرڈرز بھی وصول کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری نے کہا کہ ای روزگار پڑھے لکھے اور نوجوان طلبائ و طالبات کو روزگار فراہم کرنے کا بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس منصوبے سے باعزت روزگار کا حصول ممکن بن گیا ہے۔ اس موقع پر ای روزگار پروگرام کے سینئرسائیٹ منیجر محمد امجد نے بات کرتے ہوئے ای روزگار پروگرام میں داخلے کے لیے شرائط کے بارے میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عہد میں فری لانسنگ نہایت اہمیت اختیار کرچکی ہے جس کے باعث طالب علموں کو چاہئے کہ وہ اپنے نزدیک ترین ای روزگار مرکز میں داخلہ لے کر اپنے لیے ایک با وقار روزگار کا انتخاب کریں۔ تقریب میں ای روزگار پروگرام کے سینئر ٹرینرز رائے وقار حسین، محمد ذیشان سمیت دیگر ٹرینرز اور لیب منیجرز نائیلہ سیال، یاسر افضل اور روحیل ملک بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں