مسئلہ کشمیر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کوئی سرحدی تنازعہ نہیں ہے بلکہ یہ دو قومی نظریہ کی بنیاد پر اہم حل طلب معاملہ ہے چنانچہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے

آزادکشمیر حکومت کے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار کا تقریب سے خطاب

جمعرات 15 فروری 2018 21:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) آزادکشمیر حکومت کے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کوئی سرحدی تنازعہ نہیں ہے بلکہ یہ دو قومی نظریہ کی بنیاد پر اہم حل طلب معاملہ ہے چنانچہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ لاہور کے دوران کشمیری مہاجرین کی ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ برصغیر پاک وہند کی تقسیم دو قومی نظریہ کی بنیاد پر ہوئی تھی اور کشمیری قوم بھی اسی دوقومی نظریہ کی بنیاد پراپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ چاہتی ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت دیئے بغیر مسئلہ کشمیر کا پرامن اور پائیدار حل ممکن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے اندوہناک مظالم کے باوجود کشمیر ی قوم کے حوصلے بلند ہیں۔

وزیر بحالیات آزادکشمیر ناصر حسین ڈار نے مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کی جملہ ذمہ داری بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر عائد کی اور کہا کہ عالمی برادری کو مظلوم کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کے لیے بھارتی حکومت پر اپنا اثر ورسوخ استعمال کرنا چاہیے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے دیگر راہنمائوں اور مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کے زعماء کرام نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ سمیت دیگرعالمی ادارے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دلائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں