شہباز شریف کی نئے روایتی سال کی آمد پر چین کے صدر شی جن پنگ ، وزیر اعظم لی کی چیانگ اور عوام کو مبارکباد

جمعرات 15 فروری 2018 20:26

شہباز شریف کی نئے روایتی سال کی آمد پر چین کے صدر شی جن پنگ ، وزیر اعظم لی کی چیانگ اور عوام کو مبارکباد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2018ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے چین کے نئے روایتی سال کی آمد پر چین کے صدر شی جن پنگ ، وزیر اعظم لی کی چیانگ اور چینی عوام کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ، پاکستان اور پنجاب کے مختلف منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی انجینئرز، ٹیکنیشنز اور ورکرز کو بھی نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشی کے تہوار پر ہزاروں چینی انجینئرز ، ٹیکنیشنزاورورکرز اپنے خاندانوں سے دور پاکستان کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

پنجاب اورپاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی انجینئرز اور ورکرز کا جذبہ قابل تعریف ہے۔پاکستان میں جاری ان منصوبوں کی تکمیل سے معیشت مضبوط ہو گی ، سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ان چینی انجینئر ز اور ورکرز کا کام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چینی انجینئرز اور ورکرز نے خوشی کے اس موقع پر اپنے خاندانوں سے دو ررہ کر محبت،محنت اورایثار کاایسا پیغام دیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔

ان چینی انجینئر ز کے نزدیک اپنی خوشیوں سے زیادہ وہ کام اہم ہے جو پاکستان میں سرانجام دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ میںغربت ،بے روزگاری اورناانصافی کے خلاف اخلاص کیساتھ جدوجہد کی ہے۔ چینی قیادت کی شبانہ روز محنت کی بدولت چین دنیا کی ایک بڑی معاشی قوت بن چکا ہے۔ چین پاکستان کا ایسا بااعتماد اور مخلص دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایاہے اور دونوں ممالک عالمی امور، امن پسندی اور باہمی احترام کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں چین کے تعاون سے سی پیک کے منصوبوں سے ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کی ٹھوس بنیاد رکھی جا چکی ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی کا رشتہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے نہ صرف پورے پاکستان بلکہ خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہوگا اور پاکستان کی تاریخ میں منصوبوں پر جس تیز رفتاری سے اب کام ہو رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اورچین کی دوستی لازوال ہے اور ہرگزرتے لمحے دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہورہا ہے اور پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں