نئی نسل کو بہترین مستقبل فراہم کرناہماری اولین ذمہ داری ہے،نوجوان نسل ہی پاکستان کی پہچان اورقائد کے خواب کی تعبیر ہیں

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب

جمعرات 15 فروری 2018 19:21

نئی نسل کو بہترین مستقبل فراہم کرناہماری اولین ذمہ داری ہے،نوجوان نسل ہی پاکستان کی پہچان اورقائد کے خواب کی تعبیر ہیں
لاہور۔15 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ نئی نسل کو مضبوط پاکستان اور بہترین مستقبل فراہم کرناہماری اولین ذمہ داری ہے ، نوجوان نسل ہی پاکستان کی پہچان اورقائد کے خواب کی تعبیر ہیں- ان خیالات کا اظہار انہو ںنے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب کے دوران کیا ۔

کانووکیشن میں 3708 طلباء و طالبات کو ڈگریاں جبکہ 58کو بہترین کارکردگی پر میڈل سے نوازا گیا ، تعلیمی اسناد حاصل کرنے والوں میں 16 پی ایچ ڈی اور 133 ایم فل بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کی تمام منازل تعلیم کے زینے طے کر کے ہی حاصل کی جا سکتی ہیں - موجودہ حکومت نے ملک میں انسانی وسائل کی ترقی اور اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے جو بیڑا اٹھا رکھا ہے وہ یقینا کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے - پاکستان کا روشن اور تابناک مستقبل اللہ کے فضل وکرم سے ہماری باہمت نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہی-اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہاکہ وہ جب بھی کسی تعلیمی ادارے کے کانووکیشن میں شرکت کرتے ہیں تو انہیں یہ جان کر دلی اطمینان اور سکون حاصل ہوتا ہے کہ ہمارے طلباء و طالبات تعلیم کے شعبے میں کمال کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند اور شاندار پہلو ہے کہ ملک کی نصف سے زائد آبادی خواتین میں تعلیم کی بیداری روز بروز بڑھتی جا رہی ہے جس سے وہ اپنے حقوق و فرائص سے بہتر طریقے سے آگاہ ہو رہی ہیں-گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو ڈگری کے حصول کے ساتھ ساتھ حقیقی علم کے حصول کے لیے بھی کوشاں رہنا چاہیے کیونکہ علم کے بغیر ڈگری محض کاغذ کا ٹکڑا ہے - گورنر پنجاب نے کہا کہ اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں جدید علوم کی طرف مائل ہونے کے ساتھ ساتھ تحقیق پر خصوصی توجہ دینا ہو گی، خصوصا ایسی تحقیق جو ہمارے ملکی مسائل کے حل اور مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہو - انہو ںنے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلی محمد شہبازشریف تعلیمی اداروں کی بہتری اور ان کی ترقی کے لیے ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں - گورنر پنجاب نے تعلیم مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی میں ان کے والدین اور اساتذہ کے کلیدی کردار کے ساتھ ساتھ ملکی وسائل کا بھی عمل دخل ہے ، اب یہ ان کا فرض ہے کہ وہ اپنے حاصل کر دہ علم کو وطن عزیز کی بہتری کے لیے بروئے کا ر لائیں-انہوں نے کہا کہ علم کا حصول ایک مسلسل عمل ہے اور آپ کو ڈگری کے حصول کے بعد بھی علم کی تلاش جاری رکھنی چاہیے، اس موقع پر گورنر پنجاب نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں تعریفی اسناد اور میڈل تقسیم کیی-تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ادارے کی کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور یونیورسٹی کے جاری اور نئے شروع کیے جانیوالے پروگرامز پر بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں