تمام چیک پوسٹوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید سخت کیا جائے ،تمام ریموٹ سرچ پوائنٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے فنکشنل ہونے چاہئیں ‘کیپٹن (ر) عارف نواز

چیک پوسٹوں کی انسپکشن کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جوتمام پوسٹوں کا وزٹ کرکے سی سی ٹی وی کیمروں ، انٹرنیٹ کی بلا تعطل فراہمی کے حوالے سے رپورٹ مرتب کریں ‘آئی جی پنجاب

جمعرات 15 فروری 2018 19:05

تمام چیک پوسٹوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید سخت کیا جائے ،تمام ریموٹ سرچ پوائنٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے فنکشنل ہونے چاہئیں ‘کیپٹن (ر) عارف نواز
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ صوبے کی تمام بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید سخت کیا جائے اوراس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام ریموٹ سرچ پوائنٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے فنکشنل ہونے چاہئیں اور کسی بھی پوائنٹ پر کیمرے کی خرابی کی صورت میں فوری درستگی کو یقینی بنایا جائے ،بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں کی انسپکشن کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو اگلے ہفتے سے تمام پوسٹوں کا وزٹ کرکے سی سی ٹی وی کیمروں اور انٹرنیٹ کی بلا تعطل فراہمی کے حوالے سے رپورٹ مرتب کریں اور اگر کسی چیک پوسٹ پر کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نان فنکشل پایا گیا تو انچارج چیک پوسٹوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ ڈی پی او بھی ذمہ دار ہوگا،سنٹرل پولیس آفس میں ایک آفیسر روزانہ کی بنیاد پر ریمورٹ سرچ پوائنٹس کی مانیٹرنگ کے حوالے سے رپورٹ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کو پیش کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان ، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس محمد طاہر، ڈی آئی جی پی ایچ پی غلام محمود ڈوگر ، اے آئی جی آپریشنز محمد کاشف ، اے آئی جی لاجسٹکس رائے بابر سعید سمیت دیگر اعلی افسران موجود تھے ۔

اجلاس میں صوبے کے تمام اضلاع میں بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں کی ماہ جنوری کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر کڑی نگرانی کا عمل جاری ہے اور جدید سائنسی اصولوں کے تحت ہونے والی مانیٹرنگ کے نتیجے میں ایک ماہ کے دوران 18اشتہاریوں سمیت 42ملزمان کو حراست میں لیا گیا جبکہ موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت 465گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف چیک پوسٹوں سے 21چوری شدہ کاریں اور موٹر سائیکل قبضے میں لیے گئے جبکہ ایک رائفل ، 9 پسٹل ، 54گولیوں سمیت منشیات کی بھاری مقدار برآمد کرکے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کی فوری سرکوبی کیلئے تمام چیک پوسٹوں پر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بنائے گئے سوفٹ وئیرز سے مانیٹرنگ کے عمل کو جاری رکھا جائے اورتمام ڈی پی اوز ہفتہ میں ایک بار جبکہ آر پی اوزہر پندرہ روزبعد بین الصوبائی چیک پوسٹوں کا لازمی دورہ کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیک پوسٹوں پر گاڑیوں اور افراد کے کوائف کو نہایت باریک بینی سے چیک کیاجائے اور شناخت ظاہر نہ کرنیوالے اور کاغذات کے بغیر سفر کرنیوالوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیک پوسٹوں پر تعینات عملے کو گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ بھی دی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض بطریق احسن اور پوری ذمہ داری سے ادا کر سکیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں