بین الاقوامی کانفرنس برائے الیکٹریکل انجنیئرنگ کی افتتاحی تقریب کا ا نعقاد

جمعرات 15 فروری 2018 18:43

لاہور۔15 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2018ء)یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور جدید دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے معیاری اعلیٰ تعلیم اور تحقیق پر یقین رکھتی ہے اور اسکی خاطر ٹھوس بنیادوں پر اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں، یہ بات وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے شعبہ الیکٹریکل انجنیئرنگ کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس برائے الیکٹریکل انجنیئرنگ 2018ء کی افتتاحی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ شعبہ انجنیئرنگ معاشرے میں اپنا حصہ قابل عمل حل اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانے سے ڈال سکتا ہے اور اس مقصد کیلئے نتیجہ خیز تحقیق اور تجربات نئی سوچ کے ساتھ کرنا ہوں گے اس کیلئے اساتذہ اور طلبہ کو مزید پیشرفت کرنا ہوگی، ڈاکٹر فضل نے مزید کہا کہ معاشرے کو نئی نئی ایجادات سے سہولت فراہم کرنے کیلئے اور ملکی معیشت کو استحکام دینے کی خاطر جدید خطوط پر استوار تکنیکی حکمت عملی واضع کرنے کا وقت آچکا ہے جس سے بھر پور فائدہ اٹھایا جانا چاہئے، اس کیلئے محققین کو جدید طرز ہائے تحقیق پر کام کر کے ایجادات سے روشناس کروانا چاہئے، انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ قابل عمل تحقیق اور صنعت سے مضبوط روابط قائم کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے تاکہ فارغ التحصیل طلبہ کیلئے ملازمت کے مواقع پیدا کئے جا سکیںاور مارکیٹ کی طلب پوری ہو سکے، اس موقع پر وائس چانسلر لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر سید سہیل حسین نقوی نے کہا کہ اجتماعی سوچ اور منطق پر مبنی کوشش سے نہ صرف جامعات مستحکم ہو سکتی ہیں بلکہ بین الاقوامی جامعات کی صف میں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں لہذا اس پر مکمل سنجیدگی سے توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہوسکے اور ملک میں پر اعتماد فضاء قائم ہوسکے، افتتاحی تقریب میںجامعہ کے شعبہ الیکٹریکل انجنیئرنگ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طاہر اظہار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق اعلیٰ تعلیم میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتی ہے جس پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، چیئر مین نے شرکاء کو کانفرنس کا تعارف ، اس کے اغراض مقاصد اور مختلف سکالرز کی جانب سے موصول ہونے والے منتخب تحقیقی پرچوں کی تفصیل سے آگاہ کیا، کانفرنس میں امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، سری لنکا اور دیگر ممالک کے محققین نے شرکت کی، ایچ ٹی سی کے اشتراک سے ہونے والی اس کانفرنس میں سو سے زائد تحقیقی مقالہ جات پیش کئے گے جن میں دنیا میں ہونے والی جدید تحقیق کو زیر بحث لایا گیا ہے، آخر میں وائس چانسلر نے مہمانوں کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں