نواز لیگ کا اقتدار تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا ،پاکستان کو عمران خان کی مکمل فتح درکارہے ‘عبدالعلیم خان

نواز شریف نے اپنا انجام نوشتہ دیوار پر پڑھ لیا ، حساب دینے کی بجائے سسٹم تباہ کرنا چاہتے ہیں‘ صدر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب

جمعرات 15 فروری 2018 18:22

نواز لیگ کا اقتدار تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا ،پاکستان کو عمران خان کی مکمل فتح درکارہے ‘عبدالعلیم خان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اقتدار سے مستقل محرومی کے خوف نے نواز شریف کو حواس باختہ کردیا ہے،اپنا انجام نوشتہ دیوار پر پڑھ کر وہ عوام کو عدلیہ کیخلاف بغاوت پر اکسا رہے ہیں ۔ انہوں نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع کے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ کا اقتدار تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا جس میں جی بھر کر لوٹ مار کی گئی اور ایوانوں میں کھڑے ہو کر جھوٹ بولا گیا ، انہوں نے کہاکہ ملک کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے جزوی ہار جیت پر یقین نہیں رکھتے بلکہ پاکستان کو صحیح معنوں میں ترقی یافتہ جمہوری و اسلامی ریاست بنانے کیلئے عمران خان کی مکمل فتح درکار ہے جس کیلئے عوام 2018میں ضرور اپنا فیصلہ دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوسری طرف نام نہاد خادم اعلیٰ سرکاری خرچے پر ڈگڈگی بجانے نکلے ہیں انہیں پہلے ان علاقوں میں پینے کے صاف پانی ،صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں ،انہوں نے کہا کہ شو باز شریف دھونس کے ذریعے لائے ہوئے سرکاری ملازموں سے خطاب کر کے خوش ہو رہے ہیںانہیں50سے زائد بنائی ہوئی کمپنیوں کا حساب دینا ہوگا جس کے ذریعے انہوں نے لوٹ مار اور من مانے فیصلے کیے ۔

انہوں نے کہا کہ درحقیقت کرپشن کیسز کا فیصلہ قریب آنے کیساتھ ہی نوازشریف کی ذہنی حالت عجیب ہوگئی ہے،اداروں کو نظریہ ضرورت کے تحت استعمال کرنے کے عادی سابق وزیر اعظم کو احتساب فوبیا چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا، نیب کی طرف سے ای سی ایل میں نام ڈالنے کی سفارش سامنے آتے ہی عدلیہ کیخلاف محاذ میں تمام حدیں پار کر گئے،خود کو بادشاہ سلامت سمجھنے والے نواز شریف نے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا،اب جیل میں جانے سے قبل انتشار کا تحفہ دینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،باشعور عوام نے ان کی نااہلی پر کسی ردعمل کا اظہار کرنے کیس بجائے خوشیاں منائیں،کسی خوش فہمی میں نہ رہیں، سلاخوں کے پیچھے جانے پر بھی کوئی سڑکوں پر نہیں نکلے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں