فواد حسن فواد نیب میں پیش نہ ہوئے ، کل آنے کا امکان،احد چیمہ کو بھی کل کیلئے پیشی کا نوٹس دیا گیا ہے

نیب کی ٹیم نے آشیانہ اقبال کیلئے مختص اراضی کا دورہ بھی کیا ،کاسا اور پی ایل ڈی سی کے ذمہ داران کے ہمراہ بدھ کو دوبارہ دورہ کیا جائیگا

جمعرات 15 فروری 2018 18:17

فواد حسن فواد نیب میں پیش نہ ہوئے ، کل آنے کا امکان،احد چیمہ کو بھی کل کیلئے پیشی کا نوٹس دیا گیا ہے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2018ء) وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد آشیانہ ہائوسنگ سکیم سے متعلق پوچھ گچھ کیلئے قومی احتساب بیورو( لاہور) کی جانب سے طلب کرنے پر پیش نہ ہوئے تاہم آج ( جمعہ ) کے روز پیش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ،نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو بھی آج پیش ہونے کیلئے نوٹس جاری کر رکھا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے آشیانہ ہائوسنگ سکیم سے متعلق پوچھ گچھ کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سابق سیکرٹری ایمپلی منٹیشن فواد حسن فواد کو جمعرات کے روز طلب کیا گیا تھا تاہم وہ مقررہ وقت تک پیش نہ ہوئے اور نیب کی ٹیم ان کا انتظار کرتی رہی ۔ نیب کا کہنا ہے کہ اب تک کی تحقیقات میں لئے جانے والے بیانات میں فواد حسن فواد کے کردار کو بھی ظاہر کیا گیا ہے جس کی بناء پر انہیں ضروری سوالات کے جوابات کیلئے طلب کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ فواد حسن فواد کے آج جمعہ کے روز نیب کی تفتیشی ٹیم کے رو برو پیش ہونے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو بھی آج جمعہ کے روز طلب کر رکھا ہے ۔علاوہ ازیں نیب کی تین رکنی ٹیم نے گزشتہ روز آشیانہ اقبال کیلئے مختص 3078کنال اراضی کا بھی تفصیلی دورہ کیا تاہم نیب کی ٹیم مطمئن دکھائی نہ دی ۔ بتایا گیا ہے کہ نیب کے افسران نے آئندہ بدھ کے روز دوبارہ دورہ کریں گے اور پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی اور کاسا کے ذمہ داران کو بھی اس دورے کے دوران طلب کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں