ترقی ،خوشحالی کی تمام منازل تعلیم کے زینے طے کر کے ہی حاصل کی جا سکتی ہیں‘ ملک رفیق رجوانہ

نئی نسل کو مضبوط پاکستان اور بہترین مستقبل فراہم کرناہماری اولین ذمہ داری ہے‘ یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں کانووکیشن سے خطاب گورنر پنجاب کی سہیل ضیاء بٹ کی رہائشگاہ جا کر صاحبزادی کی شادی پر مبارکباد ، عاصمہ جہانگیر کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت ، فاتحہ خوانی

جمعرات 15 فروری 2018 18:17

ترقی ،خوشحالی کی تمام منازل تعلیم کے زینے طے کر کے ہی حاصل کی جا سکتی ہیں‘ ملک رفیق رجوانہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ نئی نسل کو مضبوط پاکستان اور بہترین مستقبل فراہم کرناہماری اولین ذمہ داری ہے ، نوجوان نسل ہی پاکستان کی پہچان اورقائد کے خواب کی تعبیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب کے دوران کیا ۔

کانووکیشن میں 3708 طلباء و طالبات کو ڈگریاں جبکہ 58کو بہترین کارکردگی پر میڈل سے نوازا گیا ، تعلیمی اسناد حاصل کرنے والوں میں 16 پی ایچ ڈی اور 133 ایم فل بھی شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کی تمام منازل تعلیم کے زینے طے کر کے ہی حاصل کی جا سکتی ہیں - موجودہ حکومت نے ملک میں انسانی وسائل کی ترقی اور اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے جو بیڑا اٹھا رکھا ہے وہ یقینا کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے - پاکستان کا روشن اور تابناک مستقبل اللہ کے فضل وکرم سے ہماری باہمت نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہی-اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہاکہ وہ جب بھی کسی تعلیمی ادارے کے کانووکیشن میں شرکت کرتے ہیں تو انہیں یہ جان کر دلی اطمینان اور سکون حاصل ہوتا ہے کہ ہمارے طلباء و طالبات تعلیم کے شعبے میں کمال کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند اور شاندار پہلو ہے کہ ملک کی نصف سے زائد آبادی خواتین میں تعلیم کی بیداری روز بروز بڑھتی جا رہی ہے جس سے وہ اپنے حقوق و فرائص سے بہتر طریقے سے آگاہ ہو رہی ہیں-گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو ڈگری کے حصول کے ساتھ ساتھ حقیقی علم کے حصول کے لیے بھی کوشاں رہنا چاہیے کیونکہ علم کے بغیر ڈگری محض کاغذ کا ٹکڑا ہے - گورنر پنجاب نے کہا کہ اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں جدید علوم کی طرف مائل ہونے کے ساتھ ساتھ تحقیق پر خصوصی توجہ دینا ہو گی، خصوصا ایسی تحقیق جو ہمارے ملکی مسائل کے حل اور مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہو - انہو ںنے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلی محمد شہبازشریف تعلیمی اداروں کی بہتری اور ان کی ترقی کے لیے ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں - گورنر پنجاب نے تعلیم مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی میں ان کے والدین اور اساتذہ کے کلیدی کردار کے ساتھ ساتھ ملکی وسائل کا بھی عمل دخل ہے ، اب یہ ان کا فرض ہے کہ وہ اپنے حاصل کر دہ علم کو وطن عزیز کی بہتری کے لیے بروئے کا ر لائیں-انہوں نے کہا کہ علم کا حصول ایک مسلسل عمل ہے اور آپ کو ڈگری کے حصول کے بعد بھی علم کی تلاش جاری رکھنی چاہیی- اس موقع پر گورنر پنجاب نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں تعریفی اسناد اور میڈل تقسیم کیی-تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ادارے کی کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور یونیورسٹی کے جاری اور نئے شروع کیے جانیوالے پروگرامز پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

بعدازاں گورنر پنجاب معروف سیاستدان سہیل ضیاء بٹ کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی صاحبزادی کی شادی پر ان کو مبارکباد دی - گورنر پنجاب نے نئے شادی شدہ جوڑے کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی زندگی کے اس نئے سفر میں قدم قدم پر انہیں کامیابی نصیب فرمائی-دریں اثناء ، گورنر پنجاب نے معروف قانون دان اور سماجی رہنما عاصمہ جہانگیر مرحومہ کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے اہل خانہ سے عاصمہ جہانگیر کی اچانک وفات پر افسوس کا اظہار کیا -انہوں نے عاصمہ جہانگیر کی بطور قانون دان اور سماجی رہنماہونے کی حیثیت سے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ ایک بااصول قانون دان تھیں جن کی ساری عمر انصاف کابول بالا کرنے کی کوششوں سے عبارت ہے - گورنر پنجاب نے کہا عاصمہ جہانگیر مظلوم کی آواز تھیں - اس موقع پر انہوں نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں