پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری کو دبئی میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا،

پی ایس ایل کی ٹیموں کی دبئی روانگی کا سلسلہ شروع

جمعرات 15 فروری 2018 18:17

پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری کو دبئی میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا،
لاہور۔15 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2018ء) پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری کو دبئی میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا، جس میں شرکت کیلئے پی ایس ایل کی ٹیموں کی دبئی روانگی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ، ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور ایونٹ میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی ملتان سلطانز کے درمیان 22 فروری کو کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کھیلا جائیگا، پی ایس ایل تھری میں لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹیڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، کراچی کنگز، اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں حصہ لیں گی، پی بی سی کے شیڈول کے مطابق ایونٹ کے تمام 34 میچز 4 مختلف وینیوز پر ہوں گے، جن میں لاہور،کراچی ، دبئی اور شارجہ شامل ہیں، ایونٹ کے تین میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، دو میچز لاہور اور فائنل میچ25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا، حال ہی میں غیرملکی سکیورٹی ماہرین نے پی ایس ایل فائنل کیلئے کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے بین الاقوامی معیار کا قرار دیا، سکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن کا سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس میںکہنا تھا کہ پی ایس ایل کیلئے سکیورٹی انتظامات پہلا قدم ہے جس سے مطمئن ہوں اور اس حوالے سے 7 روزمیں رپورٹ دوں گا، ایونٹ کے دونوں پلے آف میچز 20 اور 21 مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے جن کے آن لائن ٹکٹوں کی بکنگ کیلئے جمعرات کی شام کا وقت طے کیا گیا تھا جبکہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا جسکی ٹکٹیں یکم مارچ سے دستیاب ہوں گی، پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کیلئے لاہور قلندرز کی ٹیم دبئی پہنچ گئی ہے، پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کیلئے لاہور قلندرز کی ٹیم علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے غیرملکی ائیرلائن کی پرواز ای کے 623 کے ذریعے روانہ ہوئی، شیڈول کے مطابق لاہور قلندرز سپرلیگ کی پہلی ٹیم ہے جو دبئی پہنچ چکی ہے، دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی (آج) 16فروری، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بننے والی ملتان سلطانز 17 فروری جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم 18 فروری کو دبئی پہنچے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں