زینب قتل کیس میں دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ ،(کل )سنایا جائے گا

جمعرات 15 فروری 2018 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2018ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے زینب قتل کیس میں دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جوکل( ہفتہ)کو سنایا جائے گا۔کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج سجاد احمد نے مسلسل چوتھے روز زینب قتل کیس کی سماعت کی۔ڈپٹی پروسیکیوٹر عبد الرئوف وٹو نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا پولی گرافی 2 مرتبہ کروایا گیا اور یقینی طور پر دونوں مرتبہ یکساں نتائج سامنے آئے۔

ڈپٹی پروسیکیوٹر کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کے کپڑوں،ننھی زینب کا سویٹر اور کپڑوں کا فرانزک ٹیسٹ بھی کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی پروسیکیوٹر فرح فیض نے عدالت کو بتایا کہ 4 سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی کیس میں شامل کی گئیں جو ملزم کی نشاندہی کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ملزم کے آڈیوز اور ویڈیوز کی فرانزک رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئیں جن میں بھی ملزم عمران کی ہی نشاندہی ہوتی ہے۔

استغاثہ کی جانب سے زینب کی پوسٹمارٹم رپورٹ بھی عدالت میں پیش کردی گئی جس میں بھی زینب کے ساتھ ریپ کے شواہد ملے ہیں۔عدالت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت مجرم کا بیان قلمبند کیا ۔استغاثہ کی جانب سے زینب کیس کے ملزم عمران کے خلاف 56گواہان پیش کیے گئے۔عدالت نے حتمی بحث مکمل ہونے کے بعد زینب قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جسے 17فروری کو کوٹ لکھپت جیل میں سنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں