چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کی سربراہی میں گراں فروشوں کی خلاف کارروائیاں جاری ،عوام حکومت کی جانب سے گراں فروشوں کی خلاف جاری مہم کو کامیاب بنانے میں ساتھ دیں ‘ میاں عثمان کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 15 فروری 2018 16:00

لاہور۔15 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2018ء)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے گزشتہ روز بھی گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھیں، دکانداروںکو سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کیلئے سخت احکامات جاری کر دیئے گئے، رحمان پورہ کے دورہ کے دوران زائد قیمتیں وصول کرنے پر دو کیخلاف مقدمے کا اندراج جبکہ چار گراں فروشوںکو جرمانے کئے گئے ، چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے انتظامیہ کے افسران اور اہلکاروں کے ہمراہ اچانک اچھرہ کے علاقہ رحمان پورہ کی اوپن مارکیٹ کا دورہ کر کے جنرل سٹورز، سبزیوں، پھلوں، دودھ دہی اور گوشت کی دکانوں پر جا کر سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اوراشیاء کے معیار کا جائزہ لیا، اس موقع پر تین دکانوں سے ناقص سبزیاں اور پھل ہٹوا دیئے گئے ،کارروائی کے دوران وارننگ کے باوجود گراں فروشی سے باز نہ آنے والے دو دکانداروں کیخلاف مقدمے کا اندراج کرا کے موقع سے ہی گرفتار کرا دیا گیا جبکہ چارکو جرمانے اور چھ کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے، میاںعثمان نے میڈیا نمائندوںاور خریداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں کو سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پرآویزاں کرنے کا پابند بنارہے ہیں ، عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے گراں فروشوں کیخلاف جاری مہم کو کامیاب بنانے میں ساتھ دیں اور دکاندارسے ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کا تقاضہ کریں،انکا کہنا تھا کہ شہریوں کی جانب سے شکایات کیلئے ہیلپ لائن کے اجراء سمیت دیگر تجویز کئے گئے اقدامات پر بھی عملی طو رپر کام جاری ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں