وزیر صحت کے ساتھ ترکی کے تجارتی وفد کی ملاقات، تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال

ادویہ سازی اور ہاسپٹل ڈسپوایبل آئیٹم کی صنعت میں مشترکہ منصوبے شروع کئے جائیںگے‘صوبائی وزیر

بدھ 14 فروری 2018 19:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) ترکی کی مختلف صنعتوں سے وابستہ سرمایا کاروں کے چھ رکنی وفد نے بدھ کے روز چیئرمین ترکی ۔ پاکستان بزنس کونسل اطیلا دامرکی قیادت میں وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق سے اُنکے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں فارما سیوٹیکل انڈسٹری ، ہاسپیٹل ڈسپوزایبل اشیاء بنانے والی انڈسٹری اور کنسٹرکشن کے شعبہ اور بلڈ ٹرانسفیوژن کے آلات تیار کرنے والی صنعتوں کے شعبوں سے وابستہ افراد شامل تھے جبکہ سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ساجد محمود چوہان ، پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کی چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر شبنم سرفراز، چیف ایگزیکٹو انٹرنل پالیسی اینڈ سٹریٹیجک پلاننگ یونٹ پروفیسر احسن وحید راٹھور، کنسلٹنٹ ڈاکٹر زاہد پرویز ، چیف پرکیورمنٹ سپیشلسٹ طیب فرید اور پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈکے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ترکی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین اطیلا دامر کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی ایک معقول تعداد ترکی کے مختلف اداروں اورکمپنیوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے اور ترکی و صوبہ پنجاب کے درمیان بہت قریبی تعلقات ہیں اور بہت سے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ وفد کے دورے کا مقصد ترکی اور پاکستان کے درمیان جاری تجارتی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ترکی سرمایہ کاروں کو پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کرکے اور مقامی صنعتوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرکے بہت خوشی ہوگی۔اس موقع پر وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وہ ترکی کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہیں اور مقامی صنعت کاروں ، فارما انڈسٹری کے نمائندوں اور دیگر شعبوں کے افراد سے ترکی کے وفد کی با مقصد ملاقاتیں اور دوطرفہ تعاون بڑھانے میں وہ ذاتی طور پر کردار ادا کریں گے۔

خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ فارماسیوٹیکل کے شعبہ کے علاوہ ہاسپیٹل ڈسپوایبل ، ہاسپیٹل کے تعمیراتی شعبوں اور بلڈ ٹرانسفیوژن کے شعبوں میں ترکی کے ماہرین اور سرمایہ کاروں کے وسیع تجربے سے استفادہ کرنے کیلئے تعاون کو آگے بڑھانے کی منصوبہ بندی اور لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ ترکی کے وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ اُنہیں پنجاب کے صنعتی شعبہ کے ساتھ پارٹنر شپ کر کے بہت خوشی ہوگی اور وہ اسے اپنے لیے باعث فخر سمجھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں