حکومت نے راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ پیش نہ کرکے ثابت کردیاہے کہ حکومت عوام سے کچھ چھپارہی ہے ‘سراج الحق

ملک کا اسلامی تشخص ختم کرنے اور حضرت محمد ﷺ کی ختم نبوت کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے‘ امیر جماعت اسلامی

منگل 13 فروری 2018 20:05

حکومت نے راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ پیش نہ کرکے ثابت کردیاہے کہ حکومت عوام سے کچھ چھپارہی ہے ‘سراج الحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عدالتوں کے حکم اور عوام و سیاسی جماعتوں کے بار بار تقاضے کے باوجود حکومت نے راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ پیش نہ کرکے ثابت کردیاہے کہ حکومت عوام سے کچھ چھپارہی ہے جس کا مطلب ہے کہ حکمرانوں نے جان بوجھ کر ختم نبوت کی آئینی دفعات اور حلف کو بدلنے کی جسارت کی،حکمران آئین سے اسلامی دفعات نکال کر صیہونی لابی کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ ملک کا اسلامی تشخص ختم کرنے اور حضرت محمد ﷺ کی ختم نبوت کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔جب تک حکومت راجہ ظفر الحق کی رپورٹ سامنے نہیں لائے گی عوام کے اندر حکمرانوں کے خلاف نفرت اور بے چینی بڑھتی رہے گی۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران لوگوں کے ایمان اور عقیدے سے کھیل کر اپنی دنیا و آخرت تباہ کررہے ہیں اور ذلت و گمراہی کی تمام حدیں پھلانگ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام حضور ﷺ کی ختم نبوت کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں نچھاو رکرنااپنے لیے سعادت اور بخشش کا ذریعہ سمجھتے ہیں ۔حکمرانوں کو عالمی ایجنڈے کی تکمیل کا خیال دل سے نکال کر اپنے جرم کا اقرار کرنااور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ختم نبوت کا معاملہ اتنا حساس ہے کہ اگر حکمرانوں نے ہٹ دھرمی نہ چھوڑی اور مجرموں کو بچانے اور ان کی سرپرستی میں لگے رہے تو ان کو چھپنے کے لیے کوئی ٹھکانہ نہیں ملے گا۔

حکمران اپنے ہاتھوں ذلت و رسوائی کی قبر کھود رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عادت بن گئی ہے کہ جب تک لوگ ہزاروں کی تعداد میں نکل کر سڑکوں پر نہ بیٹھ جائیں کوئی مقدمہ درج ہوتا ہے نہ مجرموں کو پکڑا جاتا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کراچی کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب ہے۔کراچی کے شہری زخم خوردہ ہیں جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

جماعت اسلامی نے پہلے بھی کراچی کے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کیا اور آئندہ بھی ان کے زخموں پر مرہم رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی پچھلے 28سال سے تاریکیوں میں ڈوبا ہوا ہے۔جماعت اسلامی اسے دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائے گی۔کراچی کے عوام کی آرزوئوں کا خون ہوا۔جماعت اسلامی ان کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی اور جس طرح پروفیسر غفور احمد،عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان نے اس شہر کی خدمت کی ہے جماعت اسلامی اسے جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں