وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ہیومن ڈویلپمنٹ فورم میں شرکت،

پنجاب حکومت کے مختلف پروگراموں سے استفادہ کرنیوالے نوجوانوں، خواتین اوربچوں نے استقبال کیا شہبازشریف کو گلدستے پیش کیے گئے، بچوں کو پیار کیا ،ہاتھ ملایا، خواتین کے سر پر ہاتھ رکھ کر شفقت کااظہار کیا

منگل 13 فروری 2018 19:43

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ہیومن ڈویلپمنٹ فورم میں شرکت،
لاہور۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف مقامی ہوٹل میں ہیومن ڈویلپمنٹ فورم میں شرکت کیلئے پہنچے تو سٹیج پر ان کا استقبال کسی وزیر یا سرکاری افسر نے نہیں کیا بلکہ وزیراعلیٰ کا استقبال کرنیوالوں میں پنجاب حکومت کے مختلف پروگراموں سے استفادہ کرنیوالے نوجوان،خواتین اوربچے شامل تھے، جنہوںنے وزیراعلیٰ کو گلدستے پیش کیے،وزیراعلیٰ نے بچوں کو پیار کیا اوران سے ہاتھ ملایاجبکہ خواتین کے سر پر ہاتھ رکھ کر شفقت کااظہار کیا ۔

وزیراعلیٰ اس استقبال پر انتہائی خوش دکھائی دیئے اورانہوںنے استقبال کرنیوالوں کے ساتھ گفتگو بھی کی۔وزیراعلیٰ کا استقبال کرنیوالوں میں بھٹہ مزدورکابیٹامحمد عاطف جو کہ اب سکول جا کر تعلیم حاصل کرتا ہے اورتیسری جماعت کا طالبعلم ہے۔

(جاری ہے)

نیوٹریشن پروگرام سے استفادہ کرنیوالی مناہل الیاس ،ہیلتھ کارڈ سے استفادہ حاصل کرنیوالے عمران،ماں اوربچے کیلئے دیہات میں شروع کی جانے والی ایمبولینس سروس سے استفادہ کرنے والی نصرت بیگم اور واش کمیونٹی ورکر خدیجہ خرم شامل تھیں۔

وزیراعلیٰ نے فورم کے دوران حکومت پنجاب کے اربوں روپے کے پروگراموں کا افتتاح بھی کیا ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے وزیراعلیٰ سٹنٹنگ پروگرام کا افتتاح کیا،یہ پروگرام 9ارب روپے کی لاگت سے جنوبی پنجاب میں شروع کیاگیاہے اوریہ اس پروگرام کے تحت ماں اوربچے کیلئے غذائیت کو بہتر بنایاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے 11اضلاع کے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی اورنکاسی آب کے پروگرام کا بھی افتتاح کیا ۔

اس پروگرام پر 3ارب روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کے قیام کا بھی افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب ہیومن کیپٹل ریو 2018ء کی رپورٹ اورسالانہ ہیلتھ ڈویلپمنٹ رپورٹ کو بھی لانچ کیا۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بوہنے (Mr. Neil Buhne)نے کہا کہ اس فورم کا انعقاد وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا درست سمت کی جانب اہم اقدام ہے جس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوںبلاشبہ پنجاب حکومت کی سوچ صحیح ہے اورانسانی وسائل کی ترقی کیلئے بہت کچھ کیا گیاہے تاہم ابھی مزید کام کی ضرورت ہے ۔

عالمی ادارہ صحت کی کو۔چیئر ڈاکٹر ثانیہ نشترنے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت میں صوبائی حکومت انسانی وسائل کی ترقی کیلئے مکمل اہلیت رکھتی ہے اوران کے اقدامات درست سمت کی جانب ہیں۔ عالمی بینک کے سینئر ڈائریکٹر برائے تعلیم جیمی ساودرا چنڈوی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ کی قیادت میں کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں اورپنجاب میں شرح داخلہ میں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں