صوبائی وزیر ہیلتھ کا ٹی ایچ کیو ہسپتال ٹیکسلا کا اچانک دورہ

ایمرجنسی وارڈ میں بیڈز کے اضافے کی ہدایت، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی غیر حاضری بارے رپورٹ طلب

منگل 13 فروری 2018 19:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے منگل کے روز تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹیکسلا کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ خواجہ عمران نذیر نے شعبہ ایمرجنسی میں سہولیات کو مزید بہتر بنانے اوربیڈز میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ ری ویمپنگ پلان کے تحت ہسپتال کو مزید توسیع دی جائیگی اور سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔

اُنہوں نے مریضوں سے خیریت دریافت کی اور ہسپتال کی جانب سے سہولیات بارے معلوم کیا۔ وزیر صحت نے تمام ادویات ہسپتال کی جانب سے مریضوں کو فراہم کیے جانے پر اطمیان کا اظہار کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر سہیل اور دیگرا فسران وزیر صحت کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال کی ایم ایس ڈاکٹر حوریہ کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے جواب طلبی کر لی اور سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی غیر حاضری کے بارے رپورٹ پیش کی جائے کہ آیا وہ چھٹی پر ہیں یا کسی میٹنگ میں گئی ہیں۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ تمام مریضوں کو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات یکساں میسر ہوں اور اس مقصد کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب ہسپتالوں کے دورے کرتے رہتے ہیں اور وہ خود (وزیر صحت) سیکرٹری علی جان خان کے ہمراہ مختلف ہسپتالوں کے مسلسل دورے کرتے ہیں جس سے صورتحال میں نمایاںبہتری آئی ہے۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب میں صحت کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور آج صوبے کے عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات بڑے پیمانے پر دستیاب ہیں جس میں مزید اضافہ کیلئے کام جاری ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں