پاکستان سیاحت و ثقافت کے شعبے پر توجہ دے کر اپنا مثبت تشخص اجاگر کر سکتا ہے‘ سید رضا علی گیلانی

قدرت نے ہمیں دنیا کے خوبصورت ترین سیاحتی مقامات اوربا صلاحیت نوجوانوں دیے ہیں‘صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن

منگل 13 فروری 2018 19:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) پاکستان سیاحت و ثقافت کے شعبے پر توجہ دے کر اپنا مثبت تشخص اجاگر کر سکتا ہے، قدرت نے ہمیں دنیا کے خوبصورت ترین سیاحتی مقامات اوربا صلاحیت نوجوانوں کی تیار کھیپ مہیا کی ہے، ٹورزم اور ہوٹل مینجمنٹ کے شعبے میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، قومی ترقی کیلئے اعلیٰ تعلیم اور ہر شعبے میں تکنیکی برتری ضروری ہے،دنیا بھر میں وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جواعلیٰ تعلیم و تحقیق اور مستقل محنت کو اپنا شعار بناتی ہیں، تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم محنت کرتے رہے تو وہ وقت دور نہیں جب اقوام عالم میں پاکستان کا شمار چوٹی کی قوتوں میں ہو گا، باصلاحیت نوجوانوں کی موجودگی میں پاکستان کا مستقبل یقینی طور پر درخشاں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے 17ویں کانووکیشن میں کامیاب طلباء میں اسناد تقسیم کرنے کے بعد خطاب میں کیا۔ کانووکیشن میںشعبہ تعلیم اور ہوٹل مینجمنٹ سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ پروفیشنل کیرئیر میں بہترین کارکردگی کیلئے ایکسپرٹ کورسز مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں کہ ہر میدان میں اپنا لوہا منوائیں۔ سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ اس دور میں ترقی کیلئے مردوزن کو شانہ بشانہ محنت کرنا ہو گی۔وطن عزیز کو اس کا حقیقی مقام دلوانے کیلئے ہم سب کو میدان عمل میں آنا ہو گا۔ وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت اس وژن کے ساتھ خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کہ یہی تعلیم آنے والی نسلوں کی تربیت میں مدد دے گی۔

انہوںنے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلباء کی فکری صلاحیتوں میں نکھارآتا ہے۔صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن نے کہا کہ اسلام کے پیغام کی ابتداء ہی علم حاصل کرنے کی ترغیب سے ہوئی تھی۔ صوبائی وزیر نے ڈگریاں وصول کرنے والے کامیاب طلباء کو نصیحت کی کہ ادارے سے حاصل ہونے والے علم اور سکلز کواستعمال کر کے فیلڈ میں اپنا مقام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل علم وہی ہے جسے دوسروں کی بھلائی کیلئے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں بہترین سیاحتی مقامات پردنیا بھر سے سیاحت کو فروغ دینا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں