اعلی سطحی برطانوی وفد کا دورہ پنجاب، اہم شخصیات اور سرکاری حکام سے ملاقاتیں

برطانیہ پروڈکشن، بینکنگ، سکیورٹی ، سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے ‘برطانوی وفد کے سربراہ رحمن چشتی پاکستان بہت زیادہ مستحکم، محفوظ ملک بن چکا ہے ، سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں‘صوبائی وزیرشیخ علائو الدین

منگل 13 فروری 2018 19:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) برطانوی حکومت پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم کرنے میں انتہائی سنجیدہ ہے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تجارت کے حوالے سے برطانوی وزیراعظم کے خصوصی ایلچی برائے پاکستان اور رکن برطانوی پارلیمنٹ رحمن چشتی نے حکومت پنجاب کے سینئر حکام سے اہم ملاقات کے دوران کیا۔

رکن برطانوی پارلیمنٹ رحمن چشتی کی سربراہی میں پاکستان آنے والے وفد میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلن برنز، موٹ میکڈونلڈز کے سینئر مینجر علی عزیز، پراجیکٹ پرنسپل مارک گِل، نارٹن روز فلبرائٹ کی پارٹنر فرمیدہ بی، جارڈائن لائیڈ تھامپسن کے سینئر ایگزیکٹو آفیسر سٹیفن ہارٹ، دولت مشترکہ ترقیاتی کارپوریشن پی ایل سی کے انوسٹمنٹ ڈائریکٹر انفراسٹرکچر مائیکل ڈرائیر اور انوسٹمنٹ منیجر سعد الاسلام اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے اس اعلی سطحی وفد کے دورہ پاکستان کا مقصد آنے والے وقت میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر کا تعین ہے کہ برطانیہ پنجاب کی ترقی میں کس طرح اپنا تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔ ملاقات کے آغاز پر وزیر صنعت و تجارت شیخ علاالدین نے برطانوی وفد کو پنجاب آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے موجود بے پناہ مواقع سے روشناس کروایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی کی نسبت بہت زیادہ مستحکم، محفوظ اور خوشحال ملک بن چکا ہے اور اسکے ساتھ ہی یہاں خصوصا پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع بھی کھل کر سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر مختلف ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے تیار کی گئی خصوصی پریزنٹیشنز بھی دی گئیں۔

اس موقع پر برطانوی وفد کے سربراہ رحمن چشتی نے کہا کہ برطانوی حکومت چاہتی ہے کہ برطانوی کمپنیاں پاکستان کی معاشی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ دونوں ممالک کے کئی دہائیوں پر محیط تعلقات مزید مستحکم اور پائیدار بنائے جا سکیں۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کی اپ گریڈیشن میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان مواقع سے بھرپور سرزمین ہے ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم اپنے باہمی تعلقات زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے استوار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ پروڈکشن، خدمات، بینکنگ، سکیورٹی اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے ۔ رحمن چشتی نے پنجاب کے لوگوں کی مہمان نوازی کی بھی بے پناہ تعریف کی۔ وزیراعلی پنجاب کے مشیر اور پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے نائب چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک کی فہرست میں اہم مقام رکھتا ہے جبکہ آبادی کے تناسب سے ہم 20کروڑ سے زیادہ افراد پر مشتمل تگڑی مارکیٹ ہیں اس پر طرہ یہ کہ ہماری معیشت بھی ترقی کے زینے طے کر رہی ہے اور یہ صورتحال کاروبار کیلئے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے۔

اس اہم ملاقات کے موقع پر خواجہ احمد حسان، وزیر صنعت و تجارت شیخ علاالدین، سی ای او پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت جہانزیب برانہ، لاہور نالج پارک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زبیر اقبال غوری ، ممبر پی پی پی سیل، ایڈیشنل سیکرٹری ہاسنگ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ایم ڈی پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں