اٹارنی جنرل کا عدلیہ بارے توہین آمیز رویہ حکومتی پالیسی کے مطابق ہے‘ڈاکٹر طاہرالقادری

انسانی حرمت کو پامال کرنے والا یہ نظام پاکستان کے استحکام اور بقاء کیلئے بڑا خطرہ ہے‘سربراہ عوامی تحریک

منگل 13 فروری 2018 18:55

اٹارنی جنرل کا عدلیہ بارے توہین آمیز رویہ حکومتی پالیسی کے مطابق ہے‘ڈاکٹر طاہرالقادری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بے وردی سول آمریت نے پورے نظام کو جکڑرکھا ہے، اس کرپٹ نظام کے تحت 100 الیکشن بھی ہو جائیں نااہل، کرپٹ، بے وردی آمر ہی مضبوط ہوں گے، حکومت پارلیمنٹ کی بجائے نااہل کو جواب دہ ہے، موجودہ حکومت کا اصل دارالحکومت جاتی امرا ہے، ملکی تقدیر کے فیصلے اب جاتی امرا سے ہورہے ہیں،اٹارنی جنرل کا اعلیٰ عدلیہ کے بارے میں توہین آمیز اور لاقانونیت پر مبنی رویہ حکومت کی پالیسی کے عین مطابق ہے، اٹارنی جنرل وہی کررہے ہیں جس کی ہدایت انہیں نااہل سے مل رہی ہے،اٹارنی جنرل کو جرمانہ ملکی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے، نااہل کی حکومت نے عدالتوں سے تعاون نہ کرنے اور ان کے خلاف مہم جوئی کرنے کا عہد کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنمائوں سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پارلیمنٹ بااختیار اور فعال ہوتی تو جھوٹ بولنے والے وزیراعظم کا مواخذہ کرتی اور معاملہ سپریم کورٹ میں نہ جاتا۔انہوںنے کہاکہ آئین و قانون کی بجائے حکمران خود کو بالادست سمجھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نااہل نواز شریف کے کہنے پر اٹارنی جنرل نااہلی کی مدت کے آئینی کیس میں سپریم کورٹ سے تعاون سے انکاری ہیں۔

اس کیس میں نااہل نواز شریف کو بھی موقف دینے کیلئے بلایا گیا تھا مگر انہوں نے ڈھٹائی اور رعونت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آنے سے انکار کیا، اٹارنی جنرل بھی نااہل کی لائن کو فالو کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس کرپٹ نظام نے انسانی حرمت کو پامال کیا، لاقانونیت کے منفی رویے پروان چڑھائے، بنیادی انسانی حقوق غصب، پارلیمنٹ کو بے توقیر اور اداروں کو عضو معطل بنایا، جس نظام میں سانحہ ماڈل ٹائون جیسی کھلی درندگی پر مقتولین کے ورثاء انصاف سے محروم رہیں اس نظام کے تحت ایک نہیں سو الیکشن بھی ہو جائیں پارلیمنٹ میں گندگی ہی آئے گی اور عوام تعلیم، صحت، صاف پانی کی سہولتوں کو ترستے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسی حلقے سے اسی دور حکومت میں ایک جعلی ڈگری والا بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر پارلیمنٹ کی زینت بن چکا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ کرپٹ نظام میں قومی و صوبائی حلقے خرید و فروخت کی منڈیاں ہیں، سینیٹ الیکشن کا جمہوری وقار بھی آج کل پوری قوم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے۔ سب تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں ۔انہوںنے مزید کہاکہ این اے 154سے جعلی ڈگر ی والا بھاری اکثریت کے ساتھ پارلیمنٹ کی زینت بن چکا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں