وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا چیئرنگ کراس دھماکے کے شہداء کی پہلی برسی کے موقع پر پیغام

منگل 13 فروری 2018 18:55

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا چیئرنگ کراس دھماکے کے شہداء کی پہلی برسی کے موقع پر پیغام
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چیئرنگ کراس دھماکے کے شہداء کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین، ایس ایس پی زاہد گوندل اور شہید ہونے والے دیگر پولیس افسران و اہلکاران کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔ان افسران کی شہادت ملک و قوم کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے اور قوم ایسے فرض شناس اور بہادر افسران کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کیپٹن (ر) سید احمد مبین، زاہد گوندل اور دیگر پولیس افسران و اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشن زاہد گوندل اوردیگر پولیس افسران واہلکاروں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء نے عظیم مقصد کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ملک کے امن کیلئے دی جانیوالی شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہداء ہمارے ہیرو ہیں، ان کی عظیم قربانیوں کے باعث ملک میں امن قائم ہوا ہے۔ چیئرنگ کراس کے شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ بستے رہیں گے۔ قوم شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے بہادر افسروں اور دیگر افراد کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں