پاکستان اور تھائی لینڈ زراعت، سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں‘ لاہور چیمبر

پاکستان کی جغرافیائی بہترین ہے ، تیل و معدنیات سے بھرپور وسطیٰ ایشیائی ریاستوں تک رسائی کا بہترین ذریعہ ہے

منگل 13 فروری 2018 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان زراعت اور سیاحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش ہے ، پاکستان زرعی ملک ہے جبکہ تھائی لینڈ نے اس شعبے میں بڑی نمایاں ترقی کی ہے ، دونوں ممالک کے درمیان اشتراک بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف تھائی انڈسٹریزاور دیگر اعلیٰ کاروباری فورمز پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملک طاہر جاوید نے کہاکہ دونوں ممالک کا نجی شعبے آگے بڑھے اور مستقل دوطرفہ روابط قائم کرے جس سے تجربہ اور ٹیکنالوجی کے تبادلے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے تھائی لینڈ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک تیزی سے ترقی کررہا ہے جہاں ایک بڑی کنزیومر مارکیٹ ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ایشیا میں تجارت، توانائی اور ٹرانسپورٹ کاریڈور کے طور پر ابھر کر سامنے آرہا ہے جس نے اس کی اہمیت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی بہترین ہے اور تیل و معدنیات سے بھرپور وسطیٰ ایشیائی ریاستوں تک رسائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ورلڈ اکنامک فورم نے پاکستان کو بھارت سے بہتر ابھرتی معیشت قرار دیا ہے جبکہ رواں سال شرح نمو چھ فیصد تک بڑھ جانے کی توقع ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے تاجروں پر زور دیا کہ وہ ملکر آگے بڑھیں ۔ بعد ازاں لاہور چیمبر کے وفد کے اراکین شاہد نذیر، محمد وسیم، حسیب خاور، شبیر بھٹی، ملک محمد اسلام، محمد فاروق، میاں فیصل مجیداور محمد اشرف بھٹی نے تھائی لینڈ کے تاجروں کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگز کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں