مال روڈ، قانون کی خلاف ورزی پر لاہور چیمبر کا اظہار تشویش

مال روڈ پر مظاہروں اور دھرنوں پر پابندی کے باوجود آئے روز اس قانون کی دھجیاں اڑا دی جاتی ہیں ‘خواجہ خاور رشید بے دھڑک احتجاجی مظاہروں اور جلسے جلوسوں سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رٹ نہیں ہے‘قائمقام صدر لاہور چیمبر

منگل 13 فروری 2018 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں اوردھرنوں پر عائد پابندی کی خلاف ورزی پر سخت احتجاج کرتے ہوئے ضلعی و پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس پابندی پر انتہائی سختی سے عمل درآمد کرائیں۔ ایک بیان میں خواجہ خاور رشید اور ذیشان خلیل نے کہا کہ مال روڈ ایک اہم تجارتی مرکز ہے اور اس کے گرد و نواح میں مزید بہت سی اہم مارکیٹیں ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ قانون کے تحت مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں پر پابندی عائد ہے لیکن آئے روز اس قانون کی دھجیاں اڑا دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے تاجروں کے کاروبار ٹھپ ہوجاتے ہیں اور شہر بھر میں بدترین ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے جبکہ مظاہرین کی آڑ میں سماج دشمن عناصر بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر متعلقہ اداروں کی خاموشی کی وجہ سے سڑکیں بلاک کرنے کا عمل شہر کے دیگر حصوں تک بھی جا پہنچا ہے، احتجاج کرنا سب کا بنیادی حق ہے لیکن اس کی آڑ میں تجارتی و معاشی سرگرمیاں تباہ نہیں ہونی چاہئیں جبکہ قانون پر عمل درآمد بھی ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے دھڑک احتجاجی مظاہروں اور جلسے جلوسوں سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلائو گھیرائو کے خوف سے مال روڈ کے تاجروں کو دکانیں بند کرنا پڑتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت اور دیگر متعلقہ ادارے اس صورتحال کا نوٹس لیں اور مال روڈ پر احتجاجی مظاہرے کرنے پر عائد پابندی پر انتہائی سختی سے عمل درآمد کرائیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں