پی آر اے نے کمرشل عمارتوں کی ٹیکس سکروٹنی شروع کردی

کنسٹرکشن سروسز دینے والی تعمیراتی کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کے ٹیکس معاملات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے‘ حکام

منگل 13 فروری 2018 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء)پنجاب ریونیو اتھارٹی نے لاہور کے پوش علاقوں ڈیفنس، جوہر ٹائون اور گلبرگ میں کمرشل عمارتوں کی ٹیکس سکروٹنی شروع کر دی، ایل ڈی اے اور ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی سے 100 نئی کمرشل عمارتوں کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ڈی ایچ اے، جوہر ٹائون اور گلبرگ میں کمرشل عمارتوں کی ٹیکس سکروٹنی کا عمل شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پی آر اے نے ڈی ایچ اے اور ایل ڈی اے سے نئی تعمیر ہونے والی تمام کمرشل عمارتوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ ممبر پی آر اے جاوید احمد کی ہدایت پر انفورسمنٹ آفیسر حسیب مرزا نے ابتدائی طور پر 100 سے زائد کمرشل عمارتوں کے ٹیکس معاملات کی چھان بین شروع کی ہے۔پی آر اے حکام کے مطابق کنسٹرکشن سروسز دینے والی تعمیراتی کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کے ٹیکس معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کمرشل عمارتوں کو تعمیراتی سروسز دینے والی کمپنیوں پر پانچ فیصد کے حساب سے سیلز ٹیکس عائد ہوتا ہے۔پی آراے حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس ادائیگی نہ کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں کو جرمانے کر کے ٹیکس وصولی کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں