وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے توانائی کے شعبہ میں انقلاب برپا کر دیا ،گیس کی درامد ملکی پیداور کے تقریباًنصف تک پہنچ گئی ‘ غیاث پراچہ

دو سال میں ایل این جی امپورٹ میں مقامی پیداوار سے بڑھ جائیگی ،ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو جائیگا‘ رہنما آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن

منگل 13 فروری 2018 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کے توانائی کے شعبہ کا منظر نامہ بدل ڈالا ہے،انکی اصلاحات سے ملک میں توانائی کی کمی ہمیشہ کیلئے ختم ہو رہی ہے جس سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو جائے گا،ملک میں بجلی اور گیس کی کمی ختم ہونے سے نئی صنعتیں لگیں گی جس سے برامدات، کاروبار اور روزگار بڑھے گا جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں زبردست اضافہ ہو جائے گا ،گیس کے شعبہ کو چند سال میں جتنی ترقی دی گئی ہے اتنا کام گزشتہ پچاس سال میں نہیں ہواجس کا کریڈٹ وزیر اعظم کی انتھک کوششوں کو جاتا ہے۔

غیاث پراچہ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی مشکلات کے باوجود وزیر اعظم توانائی بحران حل کرنے میں سنجیدہ ہیں اور ملکی ترقی انکے ایجنڈے میں سر فہرست ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اب ایل این جی کی درامدایک ہزار ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ گئی ہے جو ملکی پیداوار کے تقریباً نصف ہے اور اگلے دو سال میں گیس کی درامد مقامی پیداوار کے برابر ہو جائے گی جس سے توانائی بحران ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے گا۔

اربوں روپے سے زیادہ کی مالیت سے تیار ہونے والا ایل این جی کا دوسرا ٹرمینل بھی چند روز کے تعطل کے بعد آپریشنل ہو گیا ہے جس سے چار سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس سسٹم میں شامل ہو گئی ہے جس سے پنجاب کے ایل این جی پر چلنے والے بجلی گھر آپریشنل ہو گئے ہیں۔ اس سے فرٹیلائیزرسیکٹر، ٹیکسٹائل انڈسٹری، جنرل انڈسٹری اور سی این جی کی صنعت بحال ہو گئی ہے جبکہ لوڈ شیڈنگ میں کمی آنے سے صنعتی اور زرعی پیداوار پیداوار بہتر ہو رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ گیس کی مقامی پیداور چھبیس سو ایم ایم سی ایف ڈی ہے جبکہ ایک ہزار ایم ایم سی ایف ڈی گیس درامد کی جا رہی ہے۔ پاکستان میں گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہیں۔ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار ایل این جی درامد، ٹرمینلز کی تعمیر اورپائپ لائنوں میں انوسٹمنٹ کر سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں