پلاسٹک بیگز کے استعمال کو روکنے کیلئے اسکے نقصانات سے متعلق آگاہی مہم کے دور رس اثرات مرتب ہونگے ‘ ذکیہ شاہنواز

تمام اضلاع میں پولیتھین بیگ کا کاروبار کرنے والوں سے بات چیت کے عمل کو مزید موثر کیا جائے ‘ صوبائی وزیر تحفظ ماحول کی ہدایت

منگل 13 فروری 2018 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) صوبائی وزیر تحفظ ماحول بیگم ذکیہ شاہنوازنے کہا ہے کہ محکمہ تحفط ماحول کی خصوصی ٹیمیں صوبہ بھر میں آپریشن کے ساتھ ساتھ پلاسٹک بیگز کے استعمال کو روکنے کے لیے اس کے نقصانات سے متعلق آگاہی مہم کامیابی سے جاری کیے ہوئے ہیںجس کے دور رس اثرات مرتب ہونگے ۔اس امر کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں محکمانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹرپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وسیم چیمہ ،ڈائریکٹر آپریشن نسیم الرحمان شاہ اور ضلعی ٹیموں کے سربراہان اور ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں پولیتھین بیگ کا کاروبار کرنے والوں سے بات چیت کے عمل کو مزید موثر کیا جائے اور دکاندار وں کو اس کی خرید کے عمل سے باز رکھنے کے لیے مثبت اقدامات کیے جائیں ۔

انہوں نے تمام ڈائریکٹرز کو تاکید کی کہ سیاہ شاپرز اور پندرہ مائیکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک بیگز کی تیاری خریدو فروخت پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو بیماریوں اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ڈائریکٹر تحفظ ماحول نسیم الرحمن نے پولیتھین بیگز کے تدارک کے لیے پنجاب میں کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں