پی ایس ایل فائنل، پی سی بی نے پلان بی تیارکرلیا

ہمیں سیکورٹی ماہرین کی رپورٹ کا انتظار ہے ،اگر پھر بھی کچھ کرکٹرزنے آنے سے انکارکیاتو ہمارے پاس بیک پلان بھی کافی مضبوط ہے جس میں پاکستان کھیلنے کیلئے حامی بھرنے والوں میں دویاتین نمبر کے نہیں بلکہ بہترین کرکٹرزشامل ہیں،پی سی بی

منگل 13 فروری 2018 16:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2018ء) اگرچہ گزشتہ سال ہی پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میںمنعقد کرانے کا اعلان کردیاگیاتھا اور اب اس کی تیاریاں بھی پوری تیزی کے ساتھ جاری ہیں تاہم غیرملکی کرکٹرزکے کراچی میں کھیلنے سے ممکنہ انکارکی خبریں سامنے آنے کے بعد شائقین میں قدرے مایوسی پھیلی ہے مگر اب پی سی بی نے بھی اس کیلئے پلان بی تیار کرلیاہے۔

کراچی ایئررپورٹ سے اسٹیڈیم تک راستوں سمیت تمام سیکورٹی انتظامات کا جائزہ اورفل ڈریس ریہرسل دیکھنے کے بعد اگرچہ غیرملکی سیکورٹی ماہرین ریگ ڈکسن اوررچرڈڈینس نے کراچی میں سیکورٹی کے حوالے سے مثبت خیالات کا اظہارکیا ہے مگر اس کے باوجود کچھ انٹرنیشنل اسٹارزکی جانب سے کراچی میں کھیلنے سے ممکنہ انکار کا خدشہ ظاہرکیا جارہاہے۔

(جاری ہے)

کچھ غیرملکی اسٹارکرکٹرزکے پاکستان آنے سے انکار کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پلان بی بتاتے ہوئے کہاکہ ہمیں سیکورٹی ماہرین کی رپورٹ کا انتظار ہے جس کے سامنے آنے سے غیرملکی کرکٹرز کے خدشات دور ہوجائیں گے۔

اگر پھر بھی کچھ کرکٹرزنے آنے سے انکارکیاتو ہمارے پاس بیک پلان بھی کافی مضبوط ہے جس میں پاکستان کھیلنے کیلئے حامی بھرنے والوں میں دویاتین نمبر کے نہیں بلکہ بہترین کرکٹرزشامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں