ویلنٹائن ڈے کل منایا جائیگا، مذہبی اور سنجیدہ حلقوں کا پابندی کا مطالبہ

سرخ گلاب ،تحائف کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے باوجود فروخت عروج پر رہی

منگل 13 فروری 2018 14:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ویلنٹائن ڈے کل (بدھ ) 14فروری کو منایا جائے گا،اس دن کی مناسبت سے تحائف،سرخ پھول اور تہنیتی کارڈز کا تبادلہ کیا جائے گا ۔ویلنٹائن ڈے اگرچہ مسلم ممالک کا تہوار نہیں ہے لیکن پاکستان میں گزشتہ چند برسوں سے اس دن کو منانے کے رحجان میں اضافہ ہوا ہے ۔نوجوان نسل اس دن کو بھر پور انداز سے منانے کے لئے خصوصی اہتمام کرتی ہے ۔

ویلنٹائن ڈے کی آمد سے قبل ہی پھولوں کی دکانوں والوں نے سرخ گلاب کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ جبکہ تحائف کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں۔اس کے باوجود فروخت عروج پر رہی ۔14فروری ویلنٹائن ڈے کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے ٹیلی ویژن،اخبارات اور ریڈیو نوجوانوں کے پیغامات شائع اور نشر کریں گے۔

(جاری ہے)

ویلنٹائن ڈے کے موقع پر اپنے پیاروں کو کارڈز ، سرخ پھول اور تحائف دینے کیلئے نوجوان سرگرم نظر آتے ہیں اس دن کے موقع پر نوجوان ایس ایم ایس کے ذریعے بھی اپنے جذبات کااظہار کرتے ہیں ۔

ملک بھرمیں جہاں ویلنٹائن ڈے کو محبت کے اظہار کا دن قرار دیا جاتا ہے وہیں اسے مغربی تہوار قرار دے کر تنقید کا نشانہ بھی بنایاجاتا ہے ۔ مذہبی جماعتوں اور سنجیدہ حلقوں کی جانب سے حکومت سے ویلنٹائن ڈے پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ بعض تنظیمیں آج کے دن کو یوم حیاء کے طور پر منائیں گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں