سنی اتحاد کونسل یکم مارچ سے رابطہ عوام مہم شروع کرے گی

ہر ضلع میں نظام مصطفے ورکرز کنونشن منعقد کئے جائیں گے، اہم دینی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کر کے جماعت میں شامل کیا جائے گا

پیر 12 فروری 2018 22:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2018ء) سنی اتحاد کونسل یکم مارچ سے رابطہ عوام مہم شروع کرے گی۔ مہم کے دوران ہر ضلع میں نظام مصطفے ورکرز کنونشن منعقد کئے جائیں گے اور اہم دینی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کر کے انھیں سنی اتحاد کونسل میں شامل کیا جائے گا۔ اس دوران رکنیت سازی مہم بھی جاری رہے گی۔ سنی اتحاد کونسل کا نیا عوامی منشور تیار کرنے کے لئے سید جوادالحسن کاظمی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی۔

انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور امیدواروں کے تعین کے لئے ورکنگ گروپ بھی بنا دیا گیا۔ ورکنگ گروپ میں بیرسٹر صاحبزادہ حسین رضا، ملک بخش الہی، میاں فہیم اختر، الحاج سرفراز تارڑ، مفتی حبیب قادری، پیر معاذ المصطفے قادری کو شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس بات کا فیصلہ جامعہ رضویہ میں سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداران کے اجلاس میں کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ سنی اتحاد کونسل جنرل الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ اہل سنت جماعتوں کے گرینڈ الائنس ’’ نظام مصطفے متحدہ محاذ ‘‘کے پلیٹ فارم پر انتخابی سیاست میں اہم کردار ادا کریں گے۔ آئندہ الیکشن میں قومی و صوبائی اسمبلی کے ہر حلقے میں اہل سنت جماعتیں متفقہ امیدوار سامنے لائیں گی۔

سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ وقت آنے پر اہل سنت قائدین کی مشاورت سے کریں گے۔ الیکشن میں ن لیگ کا سیٹ ٹو سیٹ مقابلہ کریں گے۔ ختم نبوت کے غداروں اور مودی کے یاروں کو الیکشن میں عبرت ناک شکست دیں گے۔ ناموس رسالت کی پاسبانی اور نظام مصطفے کی حکمرانی کے سلوگن پر الیکشن لڑیں گے۔ اتحاد اہل سنت کی طاقت سے الیکشن جیت کر پاکستان کو نظام مصطفے کا گہوارہ بنائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں