حکومت ویلنٹائن ڈے جیسے مغربی تہوار پر پابندی لگائے، اسلام ویلنٹائن ڈے جیسے اخلاق سوز تہواروں کی اجازت نہیں دیتا، علامہ پیر مظہر سعید کاظمی

پیر 12 فروری 2018 22:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2018ء) جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی امیر علامہ پیر سید مظہر سعید کاظمی نے کہا ہے کہ حکومت ویلنٹائن ڈے جیسے مغربی تہوار پر پابندی لگائے۔ اسلام ویلنٹائن ڈے جیسے اخلاق سوز تہواروں کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام کے نام پر بننے والے پاکستان میں مغربی ماحول پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ پوری قوم اور مسلم نوجوان ویلنٹائن ڈے کا بائیکاٹ کریں۔

معاشرے کو بے راہروی اور عریانی و فحاشی سے بچانے کے لئے تمام طبقات اپنا کردار ادا کریں۔ شرم و حیا کا دینی و مشرقی کلچر پھیلانے اور اپنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا کو جاری کئے گئے بیان میں پیر سید مظہر سعید کاظمی نے دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ویلنٹائن ڈے سے متعلق اشیاء کو اپنی دکانوں پر فروخت نہ کریں۔ ویلنٹائن ڈے کا مغربی تہوار جنسی آوارگی کے فروغ کا سبب بنتا ہے اس لئے اس بیہودہ تہوار کو روکنا حکومت اور قوم پر فرض ہے۔

علماء اور والدین مسلم نوجوانوں کی اخلاقی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں۔ پاکستانی معاشرہ کو مصطفائی معاشرہ بنانے کے لئے دینی جماعتیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔ حکومت عریانی و فحاشی کی روک تھام کے لئے اقدامات کرے۔ نوجوان نسل کو گمراہی، بے مقصدیت اور بے راہروی سے بچانا ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں