پنجاب یونیورسٹی کے 196طالب علموں کو دہشتگردی کی دفعات کے باوجود رہا کرنے کے معاملے پر جیل انتظامیہ نے رپورٹ پیش کردی

جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹائون کی جانب سے ضمانتیں منظور ہونیکی روبکار بھجوائی گئی ،دہشتگردی کی دفعات ختم کر دی گئی تھیں،سماعت19فروری تک ملتوی

پیر 12 فروری 2018 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) پنجاب یونیورسٹی کے 196طالب علموں کو دہشتگردی کی دفعات کے باوجود رہا کرنے پر جیل انتظامیہ نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں رپورٹ پیش کردی ،سماعت 19فروری تک ملتوی کر دی گئی ۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عدالتی حکم کے بغیر دہشتگردی کی دفعات کے باوجود پنجاب یونیورسٹی کے طالب علموں کو جیل سے رہا کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے جیل سپریٹنڈنٹ کو طلب کیا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت میں جیل انتظامیہ نے اپنا جواب داخل کرادیا جس میں کہا گیا کہ ان کے پاس جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹائون سعدیہ سلطانہ کی ضمانتیں منظور ہونے کی روبکار بھجوائی گئی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ طالب علموں کے کیس سے دہشتگردی کی دفعہ ختم کردی ہے اور اسی بنیاد پر ان کی ضمانت ہوئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کے احکامات وصول ہوئے جس پرجو طالب علم جیل میں تھے ان کو چھوڑا گیا۔ عدالت میں جیل انتظامیہ کا جواب آنے پر مقدمے کی2 تفتیشی افسران بھی پیش ہوئے۔ فاضل جج کے زینب قتل کیس کی سماعت میں مصروف ہونے کی وجہ سے سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں