لاہور،پاکستان سٹینڈرڈزاینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا آپریشن‘6غیر قانونی واٹر برانڈسیل

پیر 12 فروری 2018 21:04

لاہور۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کی ہدایت پر پاکستان سٹینڈرڈزاینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نی( PSQCA)غیر قانونی کمپنیوں کیخلاف آپریشن تیز کر دیا۔پی ایس کیو سی اے کی سپیشل ٹاسک فورس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر6غیر معیاری اور غیر قانونی واٹر برانڈسیل کردئیے۔

تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ‘ رانا تنویر حسین کی طرف سے غیر قانونی کمپنیوں کیخلاف آپریشن تیز کرنے کے حکم کے بعد ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے انجینئر خالد صدیق کی خصوصی ہدایات پر PSQCAکی سپیشل ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں کوٹ لکھپت، قینچی، اتفاق روڈ اور اقبال ٹائون میں انسپیکشن کے دوران پانی کی 6مزید غیر قانونی کمپنیوں پر پابندی لگا دی اور ان کے گوداموں میں موجود پانی کی تیار بوتلوں کابھاری سٹاک موقع پر ضائع کردیا۔

(جاری ہے)

پریمئم کئیر واٹر پلانٹ، ایکوافر واٹرپلانٹ، اٹلانٹس واٹرپلانٹ،کرسٹل کئیر واٹر پلانٹ، کشمیر واٹر پلانٹ اور لاہور واٹر پلانٹ کو پی ایس کیو سی اے کا لائسنس نہ ہونے کی بناء پر فوری طور پر سیل کر دیا گیا ۔ ڈی جی خالد صدیق کا کہنا تھا کہ غیرمعیاری کھانے پینے والی اشیاء کی تیاری کو روکنے اور عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کارروائی جاری رکھی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں جو مختلف مارکیٹوں میں جا کر اشیاء کو چیک کریں گی۔واضح رہے کہ پی ایس کیو سی اے شہر بھر میں جاری آپریشن کے دوران اب تک پچھلے ایک ہفتہ کے دوران 10مزید پانی کے یونٹ سیل کر چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں