عدالتی احکامات کی روشنی میں اہم دفاترکیلئے متبادل فول پروف سکیورٹی پلان از سر نو ترتیب دیا جائے، آئی جی پنجاب

پیر 12 فروری 2018 18:49

عدالتی احکامات کی روشنی میں اہم دفاترکیلئے متبادل فول پروف سکیورٹی پلان از سر نو ترتیب دیا جائے، آئی جی پنجاب
لاہور۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی ہاؤس، گورنر ہائوس اور سنٹرل پولیس آفس سمیت دیگراہم دفاتر کی سکیورٹی کیلئے متبادل فول پروف سکیورٹی پلان از سر نو ترتیب دیا جائے اور نیا سکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے عدالتی احکامات اور عوامی سہولت کے تمام پہلوؤ ں کو مد نظر رکھا جائے، پولیس دفاتر کے باہر واقع شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی اور عوام کی آمدو رفت میں حائل رکاوٹوں کا مستقل سد باب کیا جائے اورسڑکوں کی غیر ضروری بندش کے خاتمے کے ساتھ ساتھ تجاوزات کو دوبارہ ہرگز قائم نہ ہونے دیا جائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ، اجلاس میں سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر، ڈی آئی جی آپریشنزلاہور ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس پی سکیورٹی عمارہ اطہر سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ، اجلاس میںصوبائی اور ضلعی حکومتوں کے حساس دفاتر کے باہر سے تجاوزات ہٹانے کے بعد پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتحال سے متعلقہ امور زیر بحث آئے، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عدالتی احکامات کے مطابق پولیس کے تمام دفاتر کے باہر سے سکیورٹی بیرئیرز کو ہٹایا جا چکا ہے اور لاہور میں کسی بھی جگہ یا دفتر کے باہر پولیس فورس کی وجہ سے کوئی شاہراہ بند نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس درپیش چیلنجز میں اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگا ہ ہے اور افسران و اہلکار اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کا مقدس فریضہ سر انجام دیتے رہیں گے ، آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میںموثر حکمت عملی کے تحت سکیورٹی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کیخلاف جاری کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں