ملک میںمغرب کی سیاسی ، معاشی اورثقافتی تہذیب نے اسلامی نظام حیات کے تصور کو دھندلا دیا ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

جماعت اسلامی کی دعوت کا مقصد اللہ کی زمین پر اللہ تعالیٰ کے نظام کا نفاذ ہے ‘امیر جماعت اسلامی لاہور کا ورکشاپ سے خطاب

پیر 12 فروری 2018 18:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 2018ء کے الیکشن میں ملک و قومی کو کرپشن سے پاک دیانتدار قیادت دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ موجودہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے علاقہ وسطی لاہور کی تفہیم منصوبہ ورکشاپ میں ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس مو قع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، جماعت اسلامی علاقہ وسطی لاہور کے امیر حاجی ریاض الحسن ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ چاہتی ہے جس کے لیے جمہوریت ملک میں نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کا صحیح راستہ ہے ۔

(جاری ہے)

موجودہ نظام نے عوام کو مایوس اور ملک کو بدحال کر دیاہے ، ملک کے اندر کرپشن اور کرپٹ نظام نے ملک کے بچے بچے کو مقروض کر دیا ہے ، غیر ملکی قرضوں کی بڑھتی ہوئی شرح نے ملک کے اندر مہنگائی کا طوفان برپا کیا ہو ا ہے جو رکنے کا نام نہیں لے رہا ۔انہوںنے کہا کہ ملک میںمغرب کی سیاسی ، معاشی اور ثقافتی تہذیب نے اسلامی نظام حیات کے تصور کو دھندلا دیا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگوں میں اسلام کے صحیح تصور کو اجاگرکیا جائے۔

پاکستان کو سیکولر ملک کہنے والے ملک اور آئین پاکستان کے ساتھ غداری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دعوت کا مقصد اللہ کی زمین پر اللہ تعالیٰ کے نظام کا نفاذ ہے اور ہماری دعوت اللہ رب العزت کی حاکمیت کو زندگی کے تمام شعبوں میں احاطہ کرنے کی دعوت دیتی ہے اور اسی محنت ، دعوت اور جماعت اسلامی کے منشو رکو ہمیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ہر پاکستانی تک پہنچانا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں