کاروباری تنازعات لاہور چیمبر کے ثالثی سنٹر کے ذریعے حل کیے جائیں‘لاہور چیمبر

ثالثی سنٹر کے ذریعے مسائل حل کرکے سرمایہ، قیمتی وقت اور ساکھ سب کچھ بچایا جاسکتا ہے‘عہدیداران

پیر 12 فروری 2018 17:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے لاہور چیمبر کے تمام ممبران پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے تنازعات نمٹانے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ثالثی سنٹر سے استفادہ کریںجس سے ان کا قیمتی وقت، سرمایہ اور ساکھ محفوظ ہوگی۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ثالثی سنٹر پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ بھی کاروباری تنازعات افہام و تفہیم سے حل کرانے کے لیے لاہور چیمبر کو ریفر کررہی ہے، اس کے باوجود کوئی اپنے تنازعات لاہور چیمبر کے ثالثی سنٹر میں لانے کے بجائے عدالتوں کا رخ کرتا ہے تو یہ نہ صرف اس کے پیسے اور وقت کا ضیاع ہے بلکہ اس کی اپنی ساکھ بھی متاثر ہوگی۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے دو سابق عہدیداروں کے درمیان معمولی تنازع اور ایک فریق کی طرف سے یہ کیس عدالت میں لے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب لاہور ہائیکورٹ کاروباری تنازعات لاہور چیمبر کے ثالثی سنٹر کو ریفر کررہی ہے تو پھر انہیں بھی لاہور چیمبر کے ثالثی سنٹر کے ذریعے ہی اپنا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرلینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجر برادری کا نمائندہ پریمیئم ادارہ ہے ،حکومتی، سیاسی اور تجارتی حلقے اس کی اہمیت کے تہہ دل سے قائل ہیں لہذا اس کی عزت و تکریم کا خیال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر تمام ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنے کاروباری تنازعات لاہور چیمبر کے ثالثی سنٹر کے ذریعے حل کریں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں