نواز شریف ،مریم نواز کی معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی رہائشگاہ آمد ، اہلخانہ سے اظہار تعزیت ، خدمات پر خراج تحسین پیش

عاصمہ جہانگیر پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ،غریب کے حقوق کاخیال رکھنے والی شخصیت تھیں ،ہمیشہ قانون کی بالا دستی کیلئے جدوجہد کی‘ سابق وزیر اعظم عاصمہ جہانگیر کا انتقال جمہوریت اور انسانی حقوق کیلئے بڑا نقصان ہے ،وہ مظلوموں کی آواز تھیں جو خاموش ہو گئی‘مریم نواز کی گفتگو

پیر 12 فروری 2018 17:30

نواز شریف ،مریم نواز کی معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی رہائشگاہ آمد ، اہلخانہ سے اظہار تعزیت ، خدمات پر خراج تحسین پیش
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز نے معروف قانون دان اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر انکی رہائشگاہ جا کر اہلخانہ سے اظہار تعریت کیا ۔اس موقع پر مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی اور مرحومہ کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

مختصر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں وہ بہت اچھا نام کما کر اس دنیا سے رخصت ہوئیں، غریب کے حقوق کاخیال رکھنے والی شخصیت تھیں اور انہوں نے ہمیشہ قانون کی بالا دستی کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر رولز آف لا ء کیلئے لڑنیوالی خاتون تھیں، کسی مشکل میں ساتھ نہیں چھوڑتیں تھیں ،مرحومہ جمہوریت کیلئے جدوجہد کرنیوالی شخصیت تھیں، عاصمہ جہانگیر نے انسانی حقوق کے لئے جدوجہد کی ،آئین کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لئے آواز اٹھائی،وہ حق اور سچائی کے لئے ہر وقت لڑنے کے لئے تیار رہتی تھیں،عدلیہ کی بحالی اور آمریت کے خلاف مرحومہ کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا اور عاصمہ جہانگیر کی خدمات کا حکومتی سطح پر بھی اعتراف کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کا انتقال جمہوریت اور انسانی حقوق کیلئے بڑا نقصان ہے ،وہ مظلوموں کی آواز تھیں جو خاموش ہو گئی۔ انہوںنے کہا کہ عاصمہ جہانگیر ہمیشہ سچ بولتی تھیں اور سچ بولنے کو تنقید کا نام نہیں دیناچاہیے، وہ اصلاح اور اچھے کے لئے ہوتا ہے۔ہرانسان جودل رکھتا ہے اسے مظلوموں کی آوازبنناچاہیے اور انسانیت کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں