ماسٹر پینٹس پولو کپ ماسٹر پینٹس /رضویز نے جیت لیا ،سب سڈری فائنل ڈائمنڈ پینٹس نے جیت لیا

اتوار 11 فروری 2018 18:40

لاہور۔11 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2018ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ماسٹر پینٹس پولو کپ 2018ء ماسٹر پینٹس /رضویز نے جیت لیا ، فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد نیوایج /گارڈ گروپ کو 10-7 سے شکست دیدی، ادھر سب سڈری فائنل میں ڈائمنڈ پینٹس نے ماسٹر پینٹس بلیک کو ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں ماسٹر پینٹس پولو کپ 2018ء کا فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد گرائونڈ میں موجود تھی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی وزیراعلیٰ کے معاون خواجہ احمد حسان، ماسٹر پینٹس کے سی ای او صوفی محمد امین، ڈائریکٹر صوفی محمد حارث، صوفی محمد عامر، فرخ امین صوفی، فاروق امین صوفی ، لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، سیکرٹری، ممبرز اور ان کی فیملیز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

فائنل میچ بہت ہی زبردست ہوا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سرد موسم میں گرم میچ دیکھنے کو ملا۔

ماسٹر پینٹس /رضویز نے پہلے چکر میں دو گول جبکہ نیوایج نے ایک گول سکور کیا۔ دوسرے چکر میں ماسٹر پینٹس /رضویز نے چارگول سکور کیے۔ تیسرے چکر میں نیوایچ گارڈ گروپ نے تین جبکہ ماسٹر پینٹس نے دو گول سکور کیے۔ چوتھے چکر میں دونوں ٹیموں نے دو دو گول سکور کیے۔ ماسٹر پینٹس/رضویز کی طرف سے خوان کروز لوساڈانے چھ، حمزہ مواز خان نے دو، ممتاز عباس نیازی اور فاروق امین صوفی نے ایک ایک گول سکور کیا۔

نیوایج/گارڈ گروپ سے سلواڈور اولائو نے تین، تیمور علی ملک نے دو جبکہ راجہ ارسلان نجیب نے ایک گول سکور کیا۔ ادھر سب سڈری فائنل میں ڈائمنڈ پینٹس نے ماسٹر پینٹس بلیک کو 4.5-4 گول سے ہرا دیا۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے ماکوس اریا نے تین جبکہ میر حذیفہ احمد نے ایک گول سکور کیا۔ ماسٹر پینٹس کی طرف سے حسام علی حیدر نے تین جبکہ ثاقب خان خاکوانی نے ایک گول سکور کیا۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی خواجہ احمد حسان،صوفی محمد امین اور عرفان علی حیدر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں