پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کی این ای154کے ضمنی الیکشن میں بھرپور شرکت ، ٹاسک فورس کی تشکیل

ڈورٹو ڈور مہم میں خواتین نے بھی حصہ لیا،پولنگ ڈے پر حتمی معرکہ ہو گا ‘ایم پی اے شعیب صدیقی

اتوار 11 فروری 2018 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2018ء) تحریک انصا ف سینٹرل پنجا ب نے این ای154لودھراں کے ضمنی الیکشن میں بھرپور شرکت کی اور 12فروری کے پولنگ ڈے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی جو پولنگ سٹیشنوں کے گردو پیش نظم و ضبط برقرار رکھنے اور دھاندلی کے امکانات کو کم کرنے میں کردار ادا کرے گی ۔ پارٹی کے وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کی ہدایت پر اس ضمنی الیکشن کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے سربراہ مرکزی نائب صدر و ایم پی اے محمد شعیب صدیقی تھے جن کی قیادت میں مختلف اضلاع سے پارٹی رہنماؤں نے لودھراں میں ڈیرے ڈال لیا ۔

یوتھ ،خواتین اور دیگر شعبوں کے کارکنوں نے ڈورٹو ڈور و دیگر انتخابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا ۔مختلف اضلاع سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے این ای154کا دورہ کیا اور اپنے اثر و رسوخ کو برؤئے کار لاتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدوار علی خان ترین کی انتخابی مہم میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی طرف سے انتخابی مہم کے انچارج محمد شعیب صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنا ہوم ورک بہترین طریقے سے مکمل کر لیا ہے اور انشاء اللہ 12فروری عمران خان کا دن ہوگا ، عوام گزشتہ ضمنی الیکشن کے مقابلے میں پی ٹی آئی کو کہیں زیادہ بھاری مینڈیٹ دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ پولنگ ڈے سے پہلے ہی اپنی شکست تسلیم کر چکی ہے پارٹی کے کسی بڑے رہنما کو لودھراں کارخ کرنے کی ہمت نہیں ہوئی انشاء اللہ اب تبدیلی کا یہ سفرجنوبی پنجاب سے ہوتا ہوا ملک بھر میں پھیلے گا اور عوام عمران خان کو آئندہ وزیر اعظم بنا کر دم لیں گے ۔دریں اثناء پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر محمد شعیب صدیقی سے سابق وزیر ریاض فتیانہ،پی ٹی آئی کے رہنماؤں فیاض بھٹی اور امجد خان ،بلوچستان سے پی ٹی آئی کے رہنما نور محمد خان دھمبر ،سیکرٹری جنرل وسطی پنجاب شوکت بھٹی اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں ، این ای154لودھراں کے پولنگ ایجنٹوں کے اجلاس سے بھی شعیب صدیقی نے خطاب کیا اور 12فروری کے پولنگ ڈے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں