پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر انتخابات سے چند ماہ قبل ارکین اسمبلی کے ترقیاتی فنڈزمیں اضافہ تشویشناک ہے‘میاں مقصوداحمد

جماعت اسلامی پاکستان کی واحددینی وسیاسی جماعت ہے جس کادامن ہرقسم کی کرپشن سے پاک ہے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

اتوار 11 فروری 2018 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2018ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر عام انتخابات سے 4ماہ قبل اراکین پارلیمنٹ کے لیے مختص ترقیاتی فنڈزمیں28ارب روپے کااضافہ تشویش ناک ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے حکمران مخصوص افراد کونوازنے کے لیے ایسے اقدامات کرر ہے ہیں۔عوام کو ریلیف دینے کے نام پر قومی خزانے کو لوٹنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روزلاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے اپنے دور حکومت میں عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف فراہم نہیں کیا۔اب جبکہ عام انتخابات سرپر ہیں تو حکمرانوں کو عوام کی یادستانے لگی ہے۔ حکمران اگر واقعی عوام کوریلیف دینا چاہتے ہیں توپھرترقیاتی فنڈزکوبلاتفریق تقسیم کیاجاناچاہئے تاکہ عوام کی فلاح وبہبود کافریضہ بلارکاوٹ اداکیاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت اس وقت ملک وقوم سنگین قسم کے بحرانوں کاشکار ہیں۔مہنگائی،بے روزگاری،دہشتگردی ،لوڈشیڈنگ اور کرپشن نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑاکیا ہے۔مسلم لیگ(ن) کی موجودہ حکومت نے عوام کے مسائل میں کمی کے بجائے ان میں اضافہ کیا ہے۔لوگوں کوروزگار میسر نہیں جس کی وجہ سے پڑھے لکھے اور ہنر مندافراددردرکی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔

غربت اور مہنگائی نے عوام کوفاقہ کشی اور خودکشی پر مجبور کردیا ہے۔ضرورت اس امرکی ہے کہ ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے حقیقی معنوں میں عوام کوریلیف میسر آسکے،دکھاوے کے اقدامات کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے انتخابات سے قبل منظم انداز میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔سینٹ الیکشن کے موقع پر ارکان اسمبلی کی خریدوفروخت اس کا واضح ثبوت ہے۔

جب تک ملک میں شفاف انتخابات نہیں ہوں گے،محب وطن قیادت میسرہی نہیں آسکتی۔انہوں نے کہاکہ عوام آئندہ انتخابات میں کرپٹ اورلٹیروں کومسترد کردیں اور ایسی قیادت کوموقع فراہم کریں جوصحیح معنوں میں عوام میں سے ہو۔عوام کب تک کرپٹ افراد کو قومی خزانہ لوٹنے کے لیے منتخب کرتے رہیں گے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کی واحددینی وسیاسی جماعت ہے جس کادامن ہرقسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ہمارے ارکان نے عوام کی خدمت کافریضہ سرانجام دیا ہے اورآئندہ بھی دیتے رہیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں