پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف 2قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

نہ صرف مہنگائی کا طوفان آئیگا بلکہ اس کا براہ راست اثر غریب عوام پر پڑے گا،اضافہ فوراً واپس لیا جائے

پیر 1 جنوری 2018 14:29

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف 2قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) تحریک انصاف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 2قرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیں ۔تحریک انصاف کی رکن اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کے نوٹی فکیشن کو فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے حکومت نے عوام کو نئے سال کا مہنگائی کا تحفہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف مہنگائی کا طوفان آئیگا بلکہ اس کا براہ راست اثر غریب عوام پر پڑے گا۔ جبکہ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹر مراد راس کی طرف سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر بھرپور مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے اس اضافہ کو فوراً واپس لیا جائے کیونکہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سے ملک میں مہنگائی ایک طوفان برپا ہو گا۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے بھوک اور افلاس کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے انہیں تکلیف دے رہی ہے جو کسی طور قابل قبول نہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں