پاکستانی تاجرمیکسیکو کی بڑی اور تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مالامال مارکیٹ سے بھرپور فائدہ

اٹھائیں‘الفونسوزگبی دونوں ممالک کی نہ صرف حکومتوں بلکہ نجی شعبے کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونے چاہئیں، ڈبل ٹیکسیشن، انٹیلیکچول پراپرٹی رائٹس سے متعلقہ مسائل حل کرکے دوطرفہ مستحکم معاشی تعلقات قائم کیے جاسکتے ہیں‘میکسیکن سفیر

جمعہ 11 اگست 2017 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) میکسیکو کے سفیر الفونسو زگبی نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا ہے کہ وہ میکسیکو کی بڑی اور تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مالامال مارکیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا ،نائب صدر محمد ناصر حمید خان، میاں انجم نثار، سہیل لاشاری ،ملک طاہر جاوید اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی نہ صرف حکومتوں بلکہ نجی شعبے کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونے چاہئیں، ڈبل ٹیکسیشن، انٹیلیکچول پراپرٹی رائٹس سے متعلقہ مسائل حل کرکے دوطرفہ مستحکم معاشی تعلقات قائم کیے جاسکتے ہیں۔

سفیر نے کہا کہ میکسیکو پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے ان گنت مواقع ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے دونوں ممالک کے تاجروں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میکسیکو کے تاجر پاکستان میں کاروبار کرنے کے طریقہ کار سے آگاہی چاہتے ہیں لہذا لاہور چیمبر اس سلسلے میں کردار ادا کرے۔

پرومیکسیکو برائے مشرقِ وسطیٰ جوآن سی پیڈا نے کہا کہ میکسیکو میں سپیشل اکنامک زون اور ٹیکسٹائل حب قائم کیے جارہے ہیں، میکسیکو نے حلال گوشت کی پہلی کنسائمنٹ قطر کو بھیج دی ہے اور اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ بھی کام کرنا چاہتا ہے۔ لاہورچیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجارتی حصے دار ہیں لیکن باہمی تجارت اچھے تعلقات کی عکاسی نہیں کرتی لہٰذا تجارت کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کو ٹھوس اقدامات اٹھانا ہونگے۔

پاکستان سے میکسکو کوبرآمدات میں کپاس، کپڑا، میڈیکل آلات اور کھیلوں کا سامان جبکہ درآمدات میں کیمیکلز ، آئرن اینڈ سٹیل اور الیکٹریکل آلات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کو پاکستان اور میکسیکو کی مارکیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر امجد علی جاوا نے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی ایک وفد میکسیکو لیکر جائیں گے۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ پاکستان اور میکسیکو کے تاجروں کے درمیان مشترکہ منصوبہ سازی دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو لائٹ انجینئرنگ ، فوڈ پراسیسنگ، آٹوموبیلفش، آٹوپارٹس، ہوم اپلائنسز اور پلاسٹک کے شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کرنی چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں