موجودہ حکمرا ن شفافیت سے ’’الرجی ‘‘کے باعث اس سے کوسوں دور رہتے ہیں‘ مسرت چیمہ

توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ دوبارہ 328ارب تک پہنچنا حکومت کی ’’گڈ گورننس ‘‘کی جیتی جاگتی مثال ہے ‘ رہنما پی ٹی آئی

جمعہ 25 نومبر 2016 16:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ 500ارب اتارنے کے بعد توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ دوبارہ 328ارب تک پہنچنا حکومت کی ’’گڈ گورننس ‘‘کی جیتی جاگتی مثال ہے ،موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے فوری بعد گردشی قرضے کی مد میں 500ارب کی ادائیگیاں کر کے اپنے لوگوں کو نوازا ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ٹوپیاں گھما کر معیشت کو چلا رہی ہے جو انتہائی خطرناک ہے ۔

(جاری ہے)

ایک وقت ایسا بھی آئے گا جب مصنوعی معیشت کا دھڑن تختہ ہو جائے گا اور ملک کو دوبارہ پائوں پرکھڑا ہونے کیلئے کئی سال درکار ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کو کسی بھی طرح کی شفافیت سے سخت ’’الرجی ‘‘ہے اس لئے یہ اس سے کوسوں دور رہتے ہیں۔

(ن) لیگ نے حکومت میں آنے کے فوری بعد گردشی قرض کی مد میں 500ارب روپے ادا کر دئیے اور اس کے ذریعے اپنے خاص لوگوں کو نوازا گیا اور اب پھر قوم کو 328ارب روپے کا ٹیکہ لگانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ انشااللہ وہ وقت ضرور آئے گا جب ملک و قوم کی دولت لوٹنے والوں کی اصل کہانیاں سامنے آئیں گی او ر ان سے پائی پائی وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں