2ہزاربیروزگار نوجوانوں نے صوبہ بھر کی14شہروں میںٹیوٹا اداروں سے سیکیورٹی گارڈزپروگرام میں تربیت حاصل کر لی

جمعہ 25 نومبر 2016 16:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 نومبر2016ء)پہلے مرحلے میں 2ہزاربیروزگار نوجوانوں نے صوبہ بھر کی14شہروں میںٹیوٹا اداروں سے سیکیورٹی گارڈزپروگرام میں تربیت حاصل کر لی ۔ 5ہفتے دورانیہ کورس میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ملکی و بین الاقوامی سطح پرروزگار کے آسان مواقع میسر ہونگے۔ اس وقت بہت ساری سیکیورٹی کمپنیوں کے پاس ریٹائرڈ اور غیر تربیت یافتہ نوجوان اپنی خدمات دے رہے ہیں جوسیکیورٹی فرائض کو احسن طریقے سے سرانجام نہیں دے پا رہے۔

اب سیکیورٹی کمپنیاں کورس میں تربیت یافتہ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ٹیوٹا سے رابطہ کر رہی ہیں۔چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ان خیالات کا اظہارسیکیورٹی گارڈز کے تربیتی پروگرام کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ،ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز، اظہر اقبال شاد، عمر فاروق،مصطفی کمال پاشا، مقصود احمد، رائو راشد، عائشہ قاضی، عظمی نادیہ، سرفراز انور اور دیگر موجود تھے۔

عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ٹیوٹا، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس حکام کو صوبہ بھر کے بیروزگار نوجوانوں کو سیکیورٹی گارڈز کی تربیت فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے کیونکہ اس وقت تربیت یافتہ سیکیورٹی گارڈز کی اشد ضرور ت ہے کیونکہ انکی دستیابی سے نہ صرف صوبہ میں جرائم میںکمی بلکہ دہشت گردی کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔

اس کورس کو تیار کرنے کیلئے محکمہ داخلہ، پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122،ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کے ماہرین کی معاونت حاصل کی گئی تاکہ نوجوانوں کو سیکیورٹی کے بنیادی فرائض سے آگہی، ضابطہ اخلاق، ہتھیاروں سے واقفیت اور بچائو، ڈیوٹی پر ہنگامی صورت سے نمٹنا، فائر فائٹنگ، سی سی ٹی وی کیمرہ کا استعمال، سیکیورٹی حالات سے واقفیت، دھماکہ خیز مواد کے بارے آگاہی،دہشت گردی سے نمٹنا، جرائم کے خاتمے سمیت دیگر اہم امور بارے تربیت دی جائے۔

چیئر پرسن ٹیوٹا نے بتایا کہ کورس سے فارغ التحصیل نوجوان ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنے فرائض بہتر طریقے سے سر انجام دے سکتے ہیں۔ کورس میں داخلے کیلئے نیا سیشن آئندہ ماہ سے لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، راوالپنڈی، اٹک، شیخوپورہ، فیصل آباد، میانوالی، ملتان، سرگودھا، بہاولپور،ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان میں واقع 19ٹیوٹا اداروں میں شروع کیا جائے گا جس میں 2ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

داخلے کیلئے تعلیمی قابلیت میٹرک پاس جبکہ ایف اے اور زیادہ قابلیت والوںکو ترجیح ہے۔ داخلے کیلئے سپیشل برانچ کی کلیئرنس مشروط ہے۔ دوران تربیت مفت ٹریننگ میٹریل کے علاوہ ایک ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا ۔ٹیوٹا اور ہو م ڈیپارٹمنٹ کامیاب امیدواروں کومشترکہ سرٹیفکیٹ فراہم کرینگے۔ ٹیوٹا کے تربیت یافتہ سیکیورٹی گارڈزملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں