پاکستان کے بیس کروڑ عوام اپنی بہادر فوج کے ساتھ ہیں ، ہم اپنے ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں ‘سرا ج الحق

ہمارے لیے پاکستان مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے بعد مقدس ترین سرزمین ہے اور اس کی حفاظت کے لیے پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، شیر دل قوم پر مودی کے یار مسلط ہیں جنہوں نے نہ صرف پاکستان کو لوٹاہے ، بلکہ اس کے نظریے سے بھی بے وفائی کی ہے ، اگر وزیراعظم اور ان کے خاندان کا احتساب ہوگیا تو کوئی لٹیرا احتساب کے شکنجے سے بچ نہیں سکے گا‘امیر جماعت اسلامی

جمعرات 24 نومبر 2016 22:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ میںمودی کو خبر دار کرتاہوں کہ پاکستان کے بیس کروڑ عوام اپنی بہادر فوج کے ساتھ ہیں ، ہم اپنے ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں ، ہمارے لیے پاکستان مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے بعد مقدس ترین سرزمین ہے اور اس کی حفاظت کے لیے پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، شیر دل قوم پر مودی کے یار مسلط ہیں جنہوں نے نہ صرف پاکستان کو لوٹاہے ، بلکہ اس کے نظریے سے بھی بے وفائی کی ہے ، اگر وزیراعظم اور ان کے خاندان کا احتساب ہوگیا تو کوئی لٹیرا احتساب کے شکنجے سے بچ نہیں سکے گا۔

پاکستان کا ساتھ دینے اور نظریہ پاکستان کی حفاظت کرنے کے جرم میں ہمارے قائدین کو آج بھی بنگلہ دیش میں پھانسیوں پر لٹکایا جارہاہے ۔

(جاری ہے)

مطیع الرحمن نظامی اور ان کے ساتھی اگر چاہتے تو حسینہ واجد سے معافی مانگ کر پھانسیوں سے بچ سکتے تھے مگر انہو ں نے نظریہ پاکستان کی لاج رکھی اور پاکستان کی محبت میں اپنی زندگیاں قربان کر دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر میںاسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیراہتمام ٹیلنٹ ایوارڈ 2016 ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم جبران سلمان بٹ نے بھی خطاب کیا ۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم، حافظ سلمان بٹ اور عبدالغفار عزیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعد ازاں سینیٹر سراج الحق نے تعلیم اور کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بھارت نے ہمارے معصوم شہریوں اور بہادر فوجیوں کو شہید کیاہے ۔ اگر اس نے اپنی اشتعال انگیزی بند نہ کی تو اسے اپنا وجود بررکھنا مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حکمران مودی کے سامنے بولنے سے ڈرتے ہیں اور بھارت روزانہ ہمارے شہریوں کو شہید کررہاہے ۔ موجود ہ اسٹیٹس کو ناکا م ہو چکاہے۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیو ں کی وجہ سے پوری قوم مایوسی کا شکار ہے ۔

پڑھے لکھے نوجوان روزگار نہ ملنے کی وجہ سے اپنی ڈگریاں جلانے پر مجبور ہیں ۔ حکمرانوں نے ملک پر قرضوں کا کوہ ہمالیہ لاد دیاہے اور ہر پاکستانی ایک لاکھ پندرہ ہزار کا مقروض ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف مینار پاکستان ہے جو پاکستان کی عظمت کا نشان ہے اور دوسری طرف حکمرانوں کی کرپشن کے مینار اس کا منہ چڑا رہے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سونے کے ذخائر، بہترین زرعی زمینوں ، جفاکش عوام اور ذہین طلبہ و طالبات سے نوازا ہے مگر حکمرانوں کی کرپشن ،لوٹ مار اور بددیانتی کی وجہ سے پاکستان غربت کی دلدل میں دھنسا ہواہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکمران قرض اتارو ملک سنواروکے اربوں روپے کا حساب نہیں دے سکے ۔ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں غریب کے بچوں کو بھی تعلیم اور صحت کی سہولتیں مل سکیں جس میں کرپشن، کمیشن ، میرٹ کا قتل عام اور رشوت نہ ہو ۔ ہم وہ پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جس میں جہالت اور غربت نہ ہو اور جس پاکستان کی خاطر ہمارے بڑوں نے جانیں قربان کی تھیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہر بچے کے ہاتھ میں قلم اور کتاب دیناچاہتے ہیں لیکن حکمران پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کرپشن فری پاکستان تحریک میں نوجوان میرا ہراول دستہ ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہماری یہ تحریک کامیاب ہو کر رہے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں