چیف سیکرٹری کی صوبے کے تمام ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

صحت کے شعبہ کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، خضر حیات گوندل کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 1 جنوری 2016 15:06

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء)چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کو تاہی ہر گزبرداشت نہیں کی جائیگی ۔وہ سول سیکرٹریٹ میں ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل خواجہ،سیکرٹری صحت نجم شاہ ، لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے پرنسپل اور ایم ایس صاحبان ودیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ شہروں کی طرح دیہی علاقوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے-انہوں نے کہا کہعوام کو معیاری طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں- دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کو پرکشش تنخواہ اور مراعات دی جارہی ہیں تاکہ وہ زیادہ محنت اور جذبے سے کام کریں- انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی-انہوں نے ٹیچنگ ہسپتالوں کے پرنسپل اور ایم ایس صاحبان کوہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں ادویات، بنیادی سہولیات اور صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے بہتر کارکردگی پرپنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایم ایس کی تعریف جبکہ سروسز ہسپتال کے ایم ایس کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں ہسپتالوں کو درپیش انتظامی اور مالی مسائل بھی زیر غور آئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں