اوکاڑہ پولیس مقابلہ: پنجاب حکومت نے جوڈیشل انکوائری کا حکم دیدیا

جمعہ 1 جنوری 2016 12:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جنوری۔2016ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ ہر پولیس مقابلے کی جوڈیشل انکوائری کروائی جاتی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اوکاڑہ میں ہونے والے پولیس مقابلے کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دیدیا گیا ہے۔ ورثاء کو لاشوں کی حوالگی میں تاخیر کی بھی انکوائری ہوگی۔ رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے اشتہاریوں کی گرفتاری کا حکم ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اوکاڑہ میں پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے دو بھائیوں کے ورثاء نے لاہور پریس کلب کے سامنے جمعہ کو بھی احتجاج کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ متعلقہ پولیس ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود ان کے پیاروں کی میتیں ان کے حوالے نہیں کر رہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر اعلیٰ حکام نے اختیارات سے تجاوز کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی نہ کی تو متاثرہ خاندان خود سوزی کر لے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں