وزیراعلیٰ پنجاب کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں ،ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت،

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسری بار کمی کرکے عوام کے دل جیت لئے ،عوام کیلئے نئے سال کا تحفہ ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی خوش آئندہے تاہم اس کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچنا چاہیے‘ محمد شہباز شریف

جمعرات 1 جنوری 2015 19:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسری بار کمی کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا عوام کو نئے سال کا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی خوش آئندہے تاہم پٹرولیم مصنوعات کی کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اسی تناسب سے کمی ہونی چاہیئے جس شرح سے پٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

متعلقہ ادارے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے مربوط انداز میں کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی مقررہ نرخوں پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

کسی پٹرول پمپ پر پٹرولیم مصنوعات کی عدم دستیابی یا زائد نرخ پر فروخت کی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات ہر حال میں عوام تک پہنچائے جائیں۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا ہر قدم عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اٹھ رہاہے۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں