ملک کو قائد، اور اقبال کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے‘ شہباز شریف،

نیا سال ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کا سال ثابت ہوگا ،ترقی اور خوشحالی کا سورج طلوع ہوگا‘نئے سال کے موقع پر پیغام

جمعرات 1 جنوری 2015 18:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس امیدکا اظہار کیا ہے کہ نیا سال پاکستان میں حقیقی امن کا پیغام لے کر آئے گا، نیا سال ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا سال ثابت ہوگا اور پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا سورج طلوع ہوگا،نئے برس میں پرامن ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ،18 کروڑ عوام کے اتحاد اور اتفاق سے ملک کو دہشت گردوں سے پاک کریں گے، اپنے بچوں اور نئی نسلوں کو پرامن اور محفوظ پاکستان دیں گے۔

(جاری ہے)

نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک کو قائد اور اقبال کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے جہاں انصاف کا بول بالا ہو، قانون اور آئین کی بالادستی ہو، دھونس، دھاندلی اور کرپشن نہ ہو۔ سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ کلچر کی تبدیلی کا وعدہ پورا کروں گا اور شہریوں کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2015 قوم کیلئے نئی امید اور نئی صبح کا آغاز ثابت ہوگا۔ نیا سورج طلوع ہوگا اور ہم سب مل کر محنت، امانت، دیانت اور جدوجہد کے سنہری اصولوں کو اپنا کر انشاء اللہ ملک کو صحیح معنوں میں قائداعظم اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں