دیہی علاقوں میں ”خادم پنجاب گرین روڈز پروگرام“ شروع کرنے کا فیصلہ، 15 ارب روپے کی رقم مختص ،

زرعی معیشت ترقی کرے گی،روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے، آمد و رفت کی تیزرفتار سہولتیں میسر آئیں گی وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی صوبے کی تمام چھوٹی بڑی سڑکوں کا ڈیٹا بینک بنانے کیلئے ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت

جمعرات 1 جنوری 2015 18:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے دیہی علاقوں میں ”خادم پنجاب گرین روڈز پروگرام“ کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور رواں مالی برس کے دوران اس پروگرام کیلئے 15 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کے پروگرام سے زرعی معیشت نہ صرف ترقی کرے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور عوام کو آمد و رفت کی تیز رفتار سہولتیں میسر آئیں گی۔

سڑکوں کی بحالی کے پروگرام سے تجارتی، معاشی، سماجی اور اقتصادی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کا یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

(جاری ہے)

منصوبے کیلئے رواں مالی سال کے دوران 15 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ ”خادم پنجاب گرین روڈز پروگرام“ کے تحت بننے والی تمام سڑکوں کی کارپٹنگ ہوگی۔

سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے کارپٹنگ ہوگی۔دیہی علاقوں میں سڑک کی چوڑائی کم از کم 12 فٹ ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سڑکو ں کی دیکھ بھال کیلئے موثر میکانزم مرتب کیا جائے اور ڈویژنل کمشنرز کی زیرنگرانی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ پانی کے نکاس کیلئے ڈرینج نظام بھی بنایا جائے۔ سڑکوں کے اطراف شجرکاری کیلئے پودے اور درخت لگائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے معیار کو جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ سسٹم کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کی تمام چھوٹی بڑی سڑکوں کا ڈیٹا بینک بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ تمام سڑکوں کا ڈیجیٹل ریکارڈمرتب کرے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے تحت کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے پروگرام کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا اور ہر پندرہ روز بعد پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔

سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے ”خادم پنجاب گرین روڈز پروگرام“ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات تنویراسلم ملک، صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید، پارلیمانی سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نعیم اختر خان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز زراعت، اطلاعات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں