ہیرالڈ نے 2014ءکا اعزاز پاکستان کے شہید طالبعلم اعتزاز کے نام کردیا

جمعرات 1 جنوری 2015 17:18

ہیرالڈ نے 2014ءکا اعزاز پاکستان کے شہید طالبعلم اعتزاز کے نام کردیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری 2015ء) اپنی جان قربان کرکے ہنگو کے سکول پر خود کش حملے کو ناکام بنانے والے16 سالہ طالبعلم اعتزاز حسن کو سال 2014 ءکے لیے ’ہیرالڈ‘ کی بہترین شخصیت منتخب کیا گیا ہے۔اعتزاز نے گذشتہ سال جنوری میں سکول پر حملہ ناکام بنایاتھا۔ ڈان نیوز کے مطابق ہیرالڈ کی سال کی بہترین شخصیت کا ایوارڈ اس پاکستانی شخصیت کو دیا جاتا ہے جو سال بھر خبروں کی دنیا پر چھائے رہے اور انہوں نے کوئی اہم کام کیا ہو۔

16 دسمبر کو پشاورکے آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد اعتزاز کی قربانی کو مزید سراہا گیا اور وہ تین طرز کے ووٹنگ کے عمل کے فاتح ٹھہرے۔ ووٹنگ کے لیے آن لائن، بذریعہ پوسٹ اور 10 نامور پاکستانیوں پر مشتمل پینل کی رائے کو مدنظر رکھا گیا۔

(جاری ہے)

حتمی نتیجے میں اعتزاز 24.1 فیصد ووٹ لے کر سرفہرست رہے جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان محض چند ووٹ کی کمی سے دوسرے نمبر پر رہے۔

اس فہرست میں شامل دیگر امیدواروں میں توہین مذہب مقدمے کی پیروی کے دوران قتل کیے جانے والے راشد رحمان کے ساتھ سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں تیسرے نمبر پر آنے والے لیاری کے فٹبالر بھی شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق ’ہیرالڈ‘ کی سال کی بہترین شخصیات کی نامزدگیوں میں ایک اور قابل ذکر نام لاپتہ بلوچ کی واپسی کے لیے مہم چلانے والے ماما قدیر کا ہے جبکہ امن کے نوبیل انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسفزئی بھی امیدواروں میں شامل تھیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں