ٹیوٹا استاد شاگرد نظام کے تحت افرادی قوت کو سر ٹیفکیٹ فراہم کرے گی‘ عرفان قیصر شیخ،

سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے علاوہ بیرون ملک ملازمت کیلئے اہل قرار دئے جاسکیں گے‘چیئر پرسن ٹیوٹا

جمعرات 1 جنوری 2015 14:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) ٹیوٹا استاد شاگرد نظام کے تحت افرادی قوت کو اپنے اداروں میں داخلہ دے کر سر ٹیفکیٹ فراہم کرے گی جس کے بعد وہ سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے علاوہ بیرون ملک ملازمت کیلئے اہل قرار دئے جاسکیں گے، اس سلسلے میں تین ماہ دورانیہ کے پندرہ ووکیشنل کورسزآٹو الیکٹریشن ، آٹو کیڈ (سول) ، آٹو کیڈ (میکینکل) ، میسن ، پلمبرو سینیٹری انسٹالر ، الیکٹریشن ، آٹو مکینک (پٹرول) ، موبائل فون کی مرمت ، سٹیل فکسر ، ویلڈر، مشینسٹ ، موٹر سائیکل مکینک ،ایچ وی اے سی آر، بیوٹیشن اور بلڈنگ پینٹر کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، جنرل منیجرعبدالقیوم ، حامد غنی انجم ، اظہر اقبال شاد اور دیگر افسران بھی موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ان کورسز کولاہور کے سات منتخب اداروں گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ مغلپورہ اور گلبرگ ، گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ اور رائیونڈ روڈ ، گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین دیو سماج روڈ اور ٹاوٴن شپ اور گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین ٹاوٴن شپ میں جلدشروع کیا جائے گا ۔

اس پروگرام کے کامیاب انعقاد کے بعد اسے صوبہ بھر کے منتخب ٹیوٹا اداروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔پیشگی مہارت کو تسلیم کرنے(آر پی ایل) کا مقصد اتھارٹی کے تحت علم اور مہارت کا جائزہ ہے جس کے ذریعے ایک فرد جو غیر رسمی تعلیم ( استاد شاگرد نظام) کے ذریعے کام کر رہا ہے اس کو سرٹیفکیٹ فراہم کر کے قومی سطح پر تسلیم شدہ بنانا ہے ۔چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزیدکہا کہ ووکیشنل ٹریڈ سرٹیفکیٹس کے نظر ثانی شدہ کورسز کی495 کتابیں اور مینوئل کی تیاری بھی اہم کامیابیوں کی طرف پیش رفت ہے۔

گلف ممالک کے سفارت خانوں کے مطالبے پر ٹیوٹا نے پاکستانی تکنیکی افرادی قوت کی خلیجی ممالک میں ملازمت کو مدنظر رکھتے ہوئے " عربی بول چال " کورس کی تیاری کا عمل شروع کر دیا ہے جو جلد اپنے اداروں میں شروع کر دیا جائے گا۔ سٹی اینڈ گلڈ کے دنیا بھر میں تسلیم شدہ پڑھائے جانے والے آٹھ کورسز کی سکیم آف سٹیڈیز کی تیاری کیلئے متعلقہ فنی تعلیمی ماہرین کی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں